کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں بدھ کو عیدمیلاد لنبیؐ پورے مذہبی جوش وجذبے اور عقیدت سے منائی گئی ،دن کا آغاز صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا،ملکی ترقی وسلامتی کے لیے دعائیں مانگی گئیں

بدھ 21 نومبر 2018 18:00

کوئٹہ ۔21نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2018ء) کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں بدھ کو عیدمیلاد لنبیؐ پورے مذہبی جوش وجذبے اور عقیدت سے منائی گئی ،دن کا آغاز صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں اکیس توپوں کی سلامی سے ہوااور نماز فجر کے بعد مساجد وامام بارگاہوں میں امت مسلمہ کے اتحاد، اتفاق اور پاکستان کی ترقی وسلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں ،کوئٹہ میں سرکاری ونیم سرکاری اورنجی عمارتوں اہم مارکیٹوں اور بازاروں کوانتہائی خوبصورتی کے ساتھ برقی قمقموں سے سجایا گیا ،جشن عیدمیلاالنبیؐ کے موقع پر کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں سیکورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے اور جلسوں ،ریلیوں اور محافل میلاد کی سیکورٹی کے لیے پولیس ،فرنٹیئرکور اور لیویز کے خصوصی دستے تعینات کئے گئے تھے جبکہ کوئٹہ کے علاوہ نصیر آباد،سبی ،جعفرآباد،صحبت پور ،پشین ،چمن ،لورالائی ،ہرنائی ،ڈیرہ بگٹی اور دیگر علاقوں میں مساجد میں خصوصی محافل کا اہتمام اور دعائیں کرائی گئیں ،عیدمیلادالنبیؐ کے موقع پر مختلف علاقوں میں انواع واقسام کے کھانے کھلائے اور تقسیم کئے گئے ،اس موقع پر جلسے جلوس،ریلیوں اور محافل میلاد کی سیکورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کئے گئے،کوئٹہ میں جشن عیدمیلاد النبیؐ کے سلسلے میں قمبرانی روڈ ،سریاب روڈ ،بروری روڈ اور شہر کے دیگر علاقوں سے مختلف جلوس برآمد ہوکر مقررہ لاشوں سے گزرتے ہوئے میزان چوک پر اختتام پذیر ہوئے جہاں علماء کرام اور مشائخ نے نبی اخرالزماں حضرت محمد ؐکے اسوہ حسنہ اورتعلیمات پر روشنی ڈالی اس موقع پر ملکی ترقی و سلامتی ،یکجہتی ،خوشحالی اورامن کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں ۔