ملک بھر میں جشن عید میلاد النبی ﷺمذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منایا گیا ،عاشقان رسول ﷺ کی طرف سے بستی بستی قریہ قریہ رحمت دو عالمﷺ کی آمد کا جشن جاری رہا ،فضائیں درود و سلام سے معطر رہیں، عید میلاد النبی کی مناسبت سے گلی محلوں بازاروں میں مسجد نبوی، خانہ کعبہ کے ماڈل سجائے گئے، نذر ونیاز کا سلسلہ بھی جاری رہا،صوبائی دارالحکومت لاہورمیں مختلف علاقوں سے عید میلاد البنیؐکے سینکڑوںجلوس نکالے گئے ،لاہور کا84واں سالانہ مرکزی جلوس جامع مسجدحنفیہ محلہ کشمیری سادھواں اندرون اکبری گیٹ سے نکالا گیا

بدھ 21 نومبر 2018 18:50

لاہور۔21 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2018ء) ملک بھر میں جشن عید میلاد النبی ﷺمذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منایا گیا ،عاشقان رسول ﷺ کی طرف سے بستی بستی قریہ قریہ رحمت دو عالمﷺ کی آمد کا جشن جاری رہا اور فضائیں درود و سلام سے معطر رہیں،اس موقع پر گلیوں اور بازاروں کو خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا تھا، عید میلاد النبی کی مناسبت سے گلی محلوں میں پہاڑیاں بنا کر عقیدت کا بھرپور اظہار کیا گیا، بازاروں میں مسجد نبوی، خانہ کعبہ کے ماڈل سجائے گئے جبکہ کیلی گرافی کے نمونے بھی گلیوں میں آویزاں کئے گئے ،اس سلسلہ میں نذر ونیاز کا سلسلہ بھی جاری رہا،کہیں ناشتہ تو کہیں نان دال، کہیں میٹھے چاول تو کہیں بریانی سے ہر خاص و عام کی تواضع کی جا تی رہی ،صوبائی دارالحکومت لاہورمیں مختلف علاقوں سے عید میلاد البنیؐکے جلوس نکالے گئے اور محافل میلاد کا انعقاد کیاگیا ،تقریبات میں مقررین نے حضور ﷺ کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈالی،اس طرح علماء کرام نے مختلف ریلیوں اور جلوسوں کی قیادت کی جن میں ہزاروں کی تعداد میں عاشقان رسول ﷺ نے شرکت کی ،دعوت اسلامی کے زیر اہتمام ریلوے اسٹیشن نوری مسجد سے جلوس نکل کر داتا درباتر پر اختتام پذیر ہوا، اسی طرح دیگر درجنوں مقامات سے بھی جلوس نکالے گئے،لاہور کا84واں سالانہ قدیمی مرکزی جلوس جشن عید میلاد النبی جامع مسجدحنفیہ محلہ کشمیری سادھواں اندرون اکبری گیٹ سے نکالا گیاجس کی چیئرمین مرکزی جلوس جشن عید میلاد النبی ؐکمیٹی محمد اشفاق قادری، سجادہ نشین دربار شاہ محمد غوث سید پیر مکرم علی شاہ ،علامہ مقصود احمد قادری قیادت کی، جلوس میں جامعہ نعیمیہ، سنی اتحاد کونسل، تحفظ ناموس رسالت محاذ، مصطفائی تحریک، بزم نوجوانان اہلسنت مسجد عائشہ صدیقہ پیر گیلانیاں، بزم شمسیہ فیض باغ شمالی لاہور، بزم جامعہ حیات القرآن چوک نواب صاحب، بزم شان مصطفی، جامعہ حنفیہ غوثیہ بھاٹی گیٹ، منہاج نعت کونسل موچی گیٹ، بزم الحسنات العلوم مسجد وزیر خان، انجمن طلبا اسلام، المصطفی ویلفیئر ٹرسٹ، فیضان ویلفیئر آرگنائزیشن ڈیرہ میاں صاحب کدھر شریف، دارالعلوم جماعتیہ رضویہ، جامعہ رسولیہ شیرازیہ، جامعہ کریمیہ، جامعہ تاجدار مدینہ بلال گنج، جامعہ مازاع البصرکریم پارک ،جامعہ حق باہو سلطانیہ موہنی روڈ، بزم رضا جامعہ نظامیہ لوہاری گیٹ، تنظیم محمدی کشمیری بازار، انجمن غلامان رسول موتی ٹبہ بھاٹی گیٹ، تنظیم غلامان رسول کٹٹرہ ولی شاہ اور دیگر تنظیموں کے سینکڑوں اراکین نے شرکت کی، شرکائے جلوس درود و سلام کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے چوہٹہ مفتی باقر، اکبری منڈی اور سرکلر روڈ سے ہوتے ہوئے بعد نماز عصر میلاد چوک دہلی گیٹ پہنچے جہاں علما کرام نے سیرت طیبہ پر روشنی ڈالی، اس موقع پر مختلف علاقوں سے آنے والے چھوٹے چھوٹے جلوس بھی مرکزی جلوس میں شامل ہوتے گئے جبکہ انجمن تاجران کے زیراہتمام مرکزی جلوس کے راستے میں جگہ جگہ دودھ اور چائے کی سبیلیں بھی لگائی گئیں ، شرکا ء جلوس کی دستار بندی بھی کی گئی، مرکزی جلوس روایتی راستوں مسجد وزیر خان، پرانی کوتوالی، کشمیری بازار، ڈبی بازار، پانی والا تالاب، لہنگے منڈی، بازار حکیماں، اونچی مسجد بھاٹی گیٹ سے ہوتا ہوا دربار حضرت داتا گنج بخشؒ پر اختتام پذیر ہوا۔