مرکزی سیرت کمیٹی کے زیرا ہتمام مظفرآباد میں عظیم الشان میلادالنبیﷺ ریلی

بدھ 21 نومبر 2018 19:30

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2018ء) مرکزی سیرت کمیٹی کے زیرا ہتمام دارالحکومت مظفرآباد میں عاشقان ِمصطفی کی عظیم الشان میلادالنبیﷺ ریلی نکالی گئی۔ سینکڑوں گاڑیوں اورموٹرسائیکلوں پر مشتمل ریلی عید گاہ روڈ سے شروع ہوئی جو شہر کی مختلف شاہرائوں سے ہوتی ہوئی واپس عید گاہ جا کر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کا جگہ جگہ فقیدالمثال استقبال کیا گیا اورپھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔

مظفرآبادکی فضا سیدی مرشدی یانبی ﷺ یانبیﷺ کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی، ہر سو درود سلام کی صدائیں، صلواة و سلام سے شہر کی فضا معطر رہی۔ میلادالنبیﷺ ریلی کی قیادت وزیرحکومت چوہدری شہزادمحمود،مرکزی سیرت کمیٹی کے صدر صاحبزادہ پیرمحمدسلیم چشتی، صاحبزادہ پیرمیاں محمدشفیع جھاگوی، صاحبزادہ پیر جاوید منان قریشی ودیگر علمائے کرام و مشائخ عظام نے کی۔

(جاری ہے)

مرکزی سیرت کمیٹی کے سیکرٹری جنرل عتیق احمد کیانی،پیرسید نیاز گیلانی، علامہ محمدحسن حقانی،علامہ محمد پرویز قریشی، سید شکیل گیلانی،صاحبزادہ میاں عتیق جھاگوی،سابق ایڈمنسٹریٹر سردار مبارک حیدر،پی پی پی کے راہنماء شوکت جاوید میر،انجمن تاجران کے صدر باسط قریشی،محمدسفیررضا سمیت علمائے کرام، تاجر رہنمائوں، سیاسی و سماجی شخصیات،وکلاء صحافیوں کی کثیرتعداد بھی موجود تھی جبکہ ریلی کی نگرانی ڈپٹی کمشنر مسعود الرحمان ، ایس ایس پی راجہ اکمل خان ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید اشفاق گیلانی اور مجسٹریٹ بلدیہ سید سجاد شاہ نے کی ۔

ریلی میں انجمن محبان مصطفی، تحریک لبیک یارسول اللہ ، دعوت اسلامی، انجمن طلباء اسلام، میلادکمیٹی ایئرپورٹ،میلاد کمیٹی کھلہ، میلادکمیٹی چہلہ بانڈی، میلادکمیٹی گوجرہ، میلادکمیٹی طارق آباد، کشمیری دیوانہ پارٹی،جملہ تنظیمات اہلسنت اورمدارس دینیہ سمیت تمام شعبہ ہاء زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں عاشقان مصطفیﷺ نے شرکت کی ۔

ریلی کے دوران سول ڈیفنس، ریڈ کریسنٹ سوسائٹی،بم ڈسپوزل سکواڈ،ریسکیو1122،فائربرگیڈ،میونسپل کارپوریشن،پی ڈبلیو ڈی، المصطفیٰ موبائل میڈیکل یونٹ سمیت دیگراداروںکی ٹیمیں بھی شامل تھیں۔میلادالنبیﷺ جلوس کے موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کر رکھے تھے جبکہ مرکزی سیرت کمیٹی کا سیکیورٹی سکواڈ بھی متحرک رہا۔

مرکزی سیرت کمیٹی کے صدر صاحبزادہ پیرمحمدسلیم چشتی نے میلادالنبیﷺ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مسلم امہ تفرقہ چھوڑ کر اتحادکا مظاہرہ کرے حضور نبی مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر مسلمان سرخرو ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اہل کشمیر نے مثالی اتحاد و یگانگت کا عملی مظاہرہ کرے پورے ملک کو مثبت پیغام دیاہے۔

آج دنیابھر میں ہونے والی دہشت گردی اور انارکی اسی بدامنی تفرقہ بازی اور انتشار کے باعث تباہی پھیل رہی ہے۔ دنیا بھر میں آزادی اظہاررائے کی آڑ میں اسلام اورپیغمبر آخرالزمان جناب رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان اقدس میں توہین کی ناپاک جسارت کی جاری ہی ہے۔ یہودوہنود مسلم امہ کی غیرت ایمانی کا امتحان لے رہی ہیں ایسے حالات میں امت مسلمہ کو پہلے سے زیادہ اتحادو یگانگت کیلئے ذمہ دارانہ کرداراداکرناہوگا۔

انہوںنے کہاکہ مسلمانوں کے دلوں سے ادب و محبت رسول کے چراغ گُل کر نے کی سازشیں بھی عروج پر ہیں ان کا قلع قمع کرنے کیلئے محافل میلاد النبیﷺ کا بھر اپور اندازسے انعقاد کایجائے اور محافل کے آداب کا خاص خیال رکھا جائے۔ انہوں نے کہاکہ مسلمان اپنے تمام تر اختلافات کو ختم کریں اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جس مقصد کیلئے مبعوث فرمائے گئے ‘ان تعلیمات پر عمل پیراہوں۔انہوںنے کہاکہ مرکزی سیرت کمیٹی کے زراہتمام نکالی گئی عظیم الشان میلاد ریلی عشق مصطفی ﷺ کا عظیم نمونہ پیش کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عشق رسولﷺ ہی مسلمانوں اور دوسروں میں فرق ہے ۔انہوںنے کہا کہ رسول اللہ ﷺ کی حرمت کے حوالے مسلمان کسی بھی قیمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔

متعلقہ عنوان :