راولپنڈی میں بھی عید میلاد النبیؐمذہبی جوش و خروش و عقیدت و احترام سے منائی گئی

بدھ 21 نومبر 2018 20:20

راولپنڈی 21نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2018ء) ملک بھر کے دیگر حصوں کی طرح راولپنڈی میں بھی عید میلاد النبیؐمذہبی جوش و خروش و عقیدت و احترام سے منائی گئی۔شہر بھر کی تمام گلیوں، محلوں، گھروں، تجارتی مراکز،سرکاری و نیم سرکاری عمارتوں کو برقی قمقموں سے دلہن کی طرح سجا یا گیا تھا ۔ مساجد میں بھی خصوصی پروگراموں کا اہتمام کیا گیا ۔

راولپنڈی میں رتہ امرال،صدر، صادق آباد،خیابان سرسید،ویسٹریج،مصریال روڈ، چونگی نمبر 22 ، چکری روڈ ،غوث اعظم روڈ ،ائیر پوررٹ،سکستھ روڑ،فیض آباد، شمس آباد اور دیگر علاقوں سے عید میلاد النبی کے جلو س بر آمد ہوئے ۔مرکزی جلوس اپنا طے شدہ روٹ راجہ بازار،سرکلر روڈ،کوہاٹی بازار،جامع مسجد روڈ،اقبال روڈ،فوارہ چوک،کمیٹی چوک،مری روڈ سمیت مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اختتام پذیر ہوا ۔

(جاری ہے)

راولپنڈی میں میلاد کا سب سے بڑا پروگرام عید گاہ شریف میں منعقد کیا گیا۔مرکزی جلوس عید میلاد النبی کے موقع پر وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد اور ایم این اے شیخ راشد شفیق سٹیج پر براجمان رہے اور نعت خواں ٹولیاں میں انعامات کی تقسیم بھی کی ۔مرکزی بزم غلامان اولیاء کرام پاکستان کے زیر اہتمام 12ربیع الاول کو قبل از نماز فجر 21گولوں کی سلامی اور بعد از نماز فجر ہدیہ درود وسلام وختم شریف جبکہ دن 11بجے جلوس عید میلاد النبی کی آمد پر دوبارہ 21گولوں کی سلامی اور 63پائونڈ وزنی کیک کاٹا گیا ۔

عید میلاد النبی کے موقع پر راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی500 ورکرز شہر میں صفائی کے کام پر مصروف رہے اور عملہ صفائی کی چھٹی بھی منسوخ کر دی گئی تھی ۔سینئر مینیجر آپریشنز آر ڈبلیوایم سی ڈاکٹر حامد اقبال نے اے پی پی کو بتا یاکہ 12ربیع الاول کے مرکزی جلوس کے روٹس راجہ بازار،سرکلر روڈ،کوہاٹی بازار،جامع مسجد روڈ،اقبال روڈ،فوارہ چوک،کمیٹی چوک،مری روڈاور شہر بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات کیے گئے تھے ۔

اسی طرح کینٹ میں صفائی کے انتظامات اطمینان بخش تھے ۔عید میلاد النبی کے موقع پر سٹی ٹریفک پولیس نیمنظم ٹریفک پلان جاری کیا تھا اور جلوس میں ٹریکٹر ٹرالی،شہزور،مزدا،ٹرالر اور ٹرک کا داخلہ ممنوع قرار دیا تھا۔ اس موقع پر 07ڈی ایس پیز، 47انسپکٹرز،490وارڈن افسران اور27ٹریفک اسسٹنٹس سپیشل ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیئے۔ راولپنڈی پولیس کے عید میلاد النبی پر سیکورٹی پلان کے تحت تقریبا 04ہزار افسران واہلکار وں نے فرائض سر انجام دیئے ۔

اس موقع پر ضابطہ اخلاق کے تحت جلوس میں بڑی گاڑیوں کے داخلے اور میوزیکل آلات کی پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرایا گیا۔کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122کے اہلکاروں کو بھی الرٹ رکھا گیا تھا اور ان کی خصوصی تعیناتیاں کی گئی تھی ۔ریسکیو 1122کی گاڑیاں مرکزی جلوس کے ہمراہ موجود رہا۔