بدعنوانی کا خاتمہ نہ صرف ہمارا قومی فرض ہے بلکہ نیب کی اولین ترجیح بھی ہے، نیب افسران ’’احتساب سب کیلئے‘‘ پالیسی پر عمل کرتے ہوئے بلاامتیاز بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے کوشاںہیں

قومی احتساب بیوروکے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال کا بیان

بدھ 21 نومبر 2018 21:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2018ء) قومی احتساب بیوروکے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بدعنوانی کا خاتمہ نہ صرف ہمارا قومی فرض ہے بلکہ نیب کی اولین ترجیح بھی ہے، نیب افسران ’’احتساب سب کیلئے‘‘ پالیسی پر عمل کرتے ہوئے بلاامتیاز بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے کوشاںہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنے ایک بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ نیب نے ملک سے بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے اور اس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کیلئے انسداد بدعنوانی کی مؤثر حکمت عملی وضع کی ہے، نیب نے اشتہاریوں اور مفروروں کو گرفتار کرنے کیلئے کوششیں تیز کر دی ہیںجبکہ میگا مقدمات میں مبینہ طور پرملوث بدعنوان عناصرکو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیب بڑے پیمانے پر عوام سے دھوکہ دہی، مالی کمپنیاں، بینک فراڈ، بینک نادہندگان، اختیارات سے تجاوز، منی لانڈرنگ اور سرکاری ملازمین کی جانب سے سرکاری فنڈز میں خوردبرد کے مقدمات کی ترجیحی بنیادوں پر قانون کے مطابق تحقیقات کر رہاہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب نے شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائری اور انوسٹی گیشن کاایک موثر آپریشنل طریقہ کار جس کے تحت سینئر سپروائزری افسران کی اجتماعی دانش سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا نظام وضع کیا ہے اس سے نہ صرف کارکردگی میں بہتری آئی ہے بلکہ کوئی بھی فرد نیب کی تحقیقات پر اثر انداز نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے اپنی جدید فارنزک سائنس لیبارٹری قائم کی ہے جس میں ڈیجیٹل فرانزک، سوالیہ دستاویزات اور فنگر پرنٹ کے تجزیہ کی سہولیات دستیاب ہیںجس کی وجہ سے وائٹ کالر مقدمات کو ٹھوس شواہد اور قانون کی بنیاد پرمنطقی انجام تک پہنچانے میں مدد مل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں کرپشن پرسپشن انڈیکس کی درجہ بندی میں پاکستان 116 ویں نمبر پر رہا ہے، بدعنوانی کے خلاف کوششوں کے باعث نیب جنوبی ایشیائی ممالک کیلئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے، نیب کی کوشش سے یہ پاکستان کی بڑی کامیابی ہے۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل، انڈیپینڈنٹ نیشنل اور انٹرنیشنل واچ ڈاگ جیسے اداروں کے علاوہ پلڈاٹ، حالیہ گیلیپ سروے اور عالمی اقتصادی فورم نے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے نیب کی کوششوں کے باعث پاکستان کے کردار کی تعریف کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب سارک اینٹی کرپشن فورم کا پہلا چیئرمین ہے جو کہ پاکستان کی نیب کی کوششوں کی وجہ سے بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے بدعنوانی کے شعبہ میں تعاون کیلئے چین کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ سی پیک کے تناظر میں اس تعاون سے پاکستان میں جاری منصوبوں میں اعتماد سازی میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشیا کے ساتھ اسی طرز کی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تجویز پر غور جاری ہے جس کی تفصیلات طے کی جا رہی ہیںاور حکومت کی منظوری کے بعد اس کو حتمی شکل دی جائے گی۔