Live Updates

سینئروزیرعاطف خان نے 33.40کلو میٹر مردان رنگ روڈ کاافتتاح کردیا

بدھ 21 نومبر 2018 22:20

پشاور۔21 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2018ء) خیبرپختونخوا کے سینیئر وزیر محمد عاطف خان نے 33.40کلو میٹر مردان رنگ روڈ کی تعمیر نو مکمل ہونے کے بعد باقاعدہ طور پر اس کا افتتاح کیا ۔ منصوبے پر1137ملین روپے کی لاگت آئی ہے ۔افتتاحی تقریب میں ضلع مردان کے منتخب ایم پی ایز افتخار مشوانی ، ظاہر شاہ طورو ، عبدالاسلام آفریدی ، ملک شوکت ، امیر فرزند خان ، طفیل انجم ، ایم این اے مجاہد خان اور مقامی افراد نے شرکت کی ۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر وزیر عاطف خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بھاری اکثریت سے پاکستان تحریک انصاف کو دوبارہ منتخب کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ جو حکمران عوام کی خدمت کرتے ہیں انہیں وہ سرآنکھوں پر بٹھاتے ہیں اور جو سیاستدان عوام کو دھوکہ دے کر ان کے امنگوں پر پورا نہیں اترتے ان کی سیاست ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ختم کرتے ہیں ، تحریک انصاف کی حکومت شروع دن سے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ عوام نے پی ٹی آئی کا پانچ سالہ کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں صوبے میں ایک بار پھر بھاری اکثریت سے منتخب کیا ہے جو صوبے کی تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے ۔

(جاری ہے)

خیبر پختونخوا میں بہترین کارکردگی کی بناء پر آج پاکستان میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ رنگ روڈ کی تعمیر نو کے علاوہ مردان میں سڑکوں ، فلائی ا وورز او رپلوں سمیت بے نظیر چلڈرن ہسپتال ، بی ایچ یوز کی اپ گریڈیشن اور مردان کیڈٹ کالج پر بھی کام تیز ی سے جاری ہے جو عنقریب مکمل ہو کر باقاعدہ اس کا بھی افتتاح کیا جائے گا ۔سینئر وزیر نے کہا کہ عوام نے روائتی سیاست کا خاتمہ کرکے نئے پاکستان کو ووٹ دیا ہے اور پی ٹی آئی کی حکومت وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں عوام کے تمام محرومیوں کا ازالہ کرکے ایک ایسے پاکستان کا قیام عمل میں لائے گا جہاں قانون کا بول بالا ہو اور میرٹ کی بالادستی ہو ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات