ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد عباس مجید خان مروت کا تھانہ حویلیاں کا سرپرائز وزٹ

بدھ 21 نومبر 2018 22:20

ایبٹ آباد۔21 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2018ء) ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد عباس مجید مروت نے تھانہ حویلیاں کاتفصیلی دورہ کیا۔ ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے زیر تفتیش مقدمات کا جائزہ لیا اور تفتیشی سٹاف کو صاف شفاف اور غیر جانب دار تفتیش کے عمل او ر میرٹ کو ازحد ضروری قرار دیتے ہوئے مناسب ہدایات دیں اس دوران تھانہ کا جملہ ریکارڈ چیک کیا تمام ریکارڈ کی تکمیل کے بارے میں ہدایات دیں ضلعی پولیس سربراہ نے تھانہ حویلیاں کے دورے کے دوران مالخانہ ، کوت ، میس ،رہائشی بیرکس اور کمروں کا تفصیلی معائنہ کیا اور مناسب ہدایات جاری کیں ۔

ایس ایچ او تھانہ حویلیاں اور دیگر سٹاف کو سائلین کے ساتھ بہتر رویہ رکھنے کے بارے میں ہدایات دیں۔

(جاری ہے)

ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد عباس مجید خان مروت نے تمام افسران اور جوانوں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہمارا اولین فرض ہے اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں اور عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں ، عوام کے حقوق کا خصوصی خیال رکھا جائے اور ان کے ساتھ شفقت سے پیش آیا جائے ۔

تھانہ میں آنے والے سائلین کو مناسب سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کی ہر طرح سے داد رسی کو ممکن بنایا جائے عوامی مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کیے جائیں ۔ منشیات فروشوں اور دیگر جرائم پیشہ افراد کے بارے میں بتایا کہ منشیات کے خلاف کریک ڈائون میں بھرپورحصہ لیں اور ضلع کو منشیات جیسی لعنت سے پاک کرنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ اس موقع پر ضلعی پولیس سربراہ نے تھانہ حویلیاں میں آئے سائیلین کی درخواستیں سنیں اور ایس ایچ او ، محرر سٹاف اور دیگر عملے کو ان پر جلد از جلد کاروائی کی ہدایات دیں۔