پولیس حکام جرائم پیشہ عناصرکیخلاف موثرکارروائی کرے،کامرا ن بنگش

بدھ 21 نومبر 2018 22:20

پشاور۔21 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2018ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس ، ٹیکنالوجی ور انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش نے پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ امن و امان برقرار رکھنے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف موثر حکمت عملی کے ذریعے کارروائی کے ساتھ ساتھ منشیات کی روک کے لئے بھی ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ معاشرے سے نشے کی لعنت کا خاتمہ ممکن ہو سکے ۔

یہ ہدایات انہوں نے پشاور میں تھانہ پہاڑی پورہ کا اچانک دورہ کرنے کے موقع پر متعلقہ پولیس افسران و اہلکاروں کو جاری کئے ۔وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی نے متعلقہ تھانے کے حکام کے ساتھ پہاڑی پورہ اور دیگر ملحقہ علاقوں میں امن و امان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا اور مذکورہ تھانے کے ایس ایچ او کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی نے اس موقع پر ہدایت کہا کہ پہاڑی پورہ کے علاقے میں کسی بھی منفی سرگرمی پر کھڑی نظر رکھی جائے اور خصوصی طور پر آئیس نشے کے خلاف موثر اقدامات اور اس میں ملوث عناصر کے خلاف یقینی اقدام اٹھاکران کو قانونی شکنجے میں کسا جائے اور ایک مربوط حکمت عملی کے ذریعے نوجوانوں میں اس نشے کے خلاف شعور اجاگر کیا جائے تاکہ نئی نسل کو اس مضر صحت نشے سے بچایا جا سکے ۔

انہو ںنے پولیس کو یقین دلایا کہ عوامی نمائندے پولیس کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور اس قومی و فلاحی کام میں اپنی فرائض ایمانداری سے انجام دے رہے ہیں ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی نے ٹائون ممبر حاجی سعید احمد کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ٹائون میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کو یقینی بنائیں جس کے ذریعے جرائم پیشہ اور منشیات فروشوں کے حرکات و سکنات کا بخوبی پتہ چلے گا جن پر آسانی کے ساتھ ہاتھ ڈالا جائے گا ۔ دورے کے دوران ٹائون ممبر سعید احمد کے علاوہ دوسرے معززین بھی معاون خصوصی کے ہمراہ تھے ۔