ملک بھر کی طرح شہر قائد میں بھی جشن عیدمیلاد النبی ﷺ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

بدھ 21 نومبر 2018 23:50

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2018ء) ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی جشن عید میلادالنبی ﷺ انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ شہر کو سبز پرچموں اور جھنڈیوں سے سجا دیا گیا تھا، مساجد کے ساتھ ساتھ گلیاں اور عمارتیں بھی برقی قمقموں سے سجا دی گئیں تھی۔ دن کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی ، اجتماعی دعاوں ، قصیدہ بردہ شریف اور درود و سلام سے ہوا۔

شہر بھر سے جلوس و ریلیاں برآمد ہوئی اور میلاد کی محافل اور سیرت النبی کانفرنس بھی منعقد کی گئی جن سے علماکرام نے خطاب کیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں 12 ربیع الاول کا مرکزی جلوس عید میلاد النبی جماعت اہلسنت کی قیادت میں ایم اے جناح روڈ نیو میمن مسجد سے بر آمد ہوکر مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا نشتر پارک پر اختتام پزیر ہوا ، جہاں عید میلاد النبی کے مرکزی اجتماع کا اہتمام کیا گیا ، جلوس کے دوران گل پاشی بھی کی گئی، جبکہ مختلف علاقوں میں ریلیاں اور علاقائی سطح پر چھوٹے چھوٹے جلوس نکالنے کا سلسلہ بھی جاری رہا ، فضائیں درود و سلام اور لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی صداں سے گونجتی رہیں، جلوس میں مخیر حضرات کی جانب سے سبیل اور لنگر بھی تقسیم کئے گئے، جشن عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں لوگوں نے گھروںکو سبز جھنڈوں اور برقی قمقموں سے بھی سجایا تھا اور گھروں میں نظر و نیاز کا اہتمام بھی کیا گیا ،12 ربیع الاول کے جلوسوں اور محافل کے لئے قانون نافذکرنے والے اداروں نے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، جلوس کی گزرگاہوں کو کنٹینرز رکھ کرسیل کردیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

شہر میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پرپابندی عائدتھی جبکہ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ نے فلیگ مارچ بھی کیا۔اس موقع پر کمانڈنٹ ایس ایس یو ملک مترضی نے بتایا کہ فلیگ مارچ کا مقصد عوام کو سیکیورٹی سے متعلق یقین دہانی کروانا ہے۔

متعلقہ عنوان :