کریم ٹیکسی سروس اور پیپسی پاکستان میں صُلح ہو گئی

دونوں کمپنیوں نے صارفین کو ایک مشترکہ پیشکش کر دی، صارفین خوشی سے نہال

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 22 نومبر 2018 12:35

کریم ٹیکسی سروس اور پیپسی پاکستان میں صُلح ہو گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 نومبر 2018ء) : تین روز قبل سوشل میڈیا پر کریم ٹیکسی سروس اور پیپسی پاکستان میں نوک جھونک دیکھنے میں آئی جس نے سوشل میڈیا پر گرما گرم بحث اور تبصروں کا سلسلہ جاری رکھا۔ لیکن اب آن لائن ٹیکسی سروس ''کریم'' اور ''پیپسی پاکستان'' میں صُلح ہو گئی۔ ہوا کچھ یوں کہ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویڑ پر پیپسی پاکستان کے ہیڈ آف مارکیٹنگ سعد خان نے ''کریم'' کے نام ایک ویڈیو پیغام جاری کیا۔

ویڈیو پیغام میں سعد خان کا کہنا تھا کہ ہم نے ویک اینڈ پر دیکھا کہ کریم ٹیکسی سروس نے مُفت پیپسی دینے سے متعلق ٹویٹ کیا۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر کئی تبصرے ہوئے جنہیں پڑھ کر ہم محظوظ ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سوشل میڈیا پر ہونے والے تمام تبصروں اور شئیر ہونے والی تصاویر کو دیکھا۔

(جاری ہے)

سعد خان نے ''کریم'' کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ مفت پیپسی دینا چاہتے ہیں توآئیے ہم اس کھیل کو مزید دلچسپ بناتے ہیں،انہوں نے کہا کہ اگر آپ مفت پیپسی دیں گے تو ہم بھی پیپسی کے اُوپر 1 ملین کریم پروموز دیں گے۔

اس بارے میں آپ کا خیال ہے؟
پیپسی کے ہیڈ آف مارکیٹنگ سعد خان کے اس ویڈیو پیغام کے جواب میں آن لائن ٹیکسی سروس ''کریم'' کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ عمرعابدین نے بھی ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ میں نے ابھی سعد خان کا پیغام دیکھا، بوتلیں بے شک آپ کی ہوں گی لیکن پرومو تو ''کریم'' کے ہوں گے۔ عمر عابدین نے کہا کہ میں نے سُنا ہے کہ آپ دس لاکھ پرومو بانٹنے والے ہیں، کیوں نہ ہم ان کی تعداد بڑھا کر 2 ملین کر دیں۔

بیس لاکھ پرومو کے بارے میں آپ کا خیال ہے ؟
سوشل میڈیا پر دونوں کمپنیوں کے مابین ان ویڈیو پیغام کے تبادلے کے بعد ''کریم'' صارفین نے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ دونوں کے اشتراک سے عوام کا ہی فائدہ ہو گا۔ پیپسی مفت مل جائے گی یا پھر 'کریم'' پرومو ملیں گے۔ دونوں صورتوں میں فائدہ عوام کا ہی ہے۔یاد رہے کہ تین روز قبل مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر ''کریم'' ٹیکسی سروس اور ''پیپسی'' میں نوک جھونک ہوئی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ۔

اس نوک جھونک کے وائرل ہونے کی وجہ پیپسی کی جانب سے کریم ٹیکسی سروس کو قانونی نوٹس بھجوانے کی تنبیہہ تھی۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں خاتون صارف نے کریم ٹیکسی سروس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آپ کی سروس استعمال کرنے کے لیے موبائل فون جیتنے کی قرعہ انداز میں شامل ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے لیکن برائے مہربانی کوئی ''پرومو کوڈ'' ہی دے دو۔

جس پر کریم ٹیکسی سروس نے آفیشل اکاؤنٹ سے اس خاتون صارف کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم معذرت خواہ ہیں کہ فی الوقت ہمارے پاس کوئی پروموڈ کوڈز نہیں ہیں۔ فون نہیں تو مفت کی پیپسی چلے گی؟
کریم ٹیکسی سروس کا اتنا کہنا تھا کہ پیپسی نے کریم ٹیکسی سروس کو بلا اجازت نام استعمال کرنے پر آڑے ہاتھوں لے لیا۔

پیپسی پاکستان نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ برائے مہربانی بلا اجازت ہمارے برانڈ کا نام استعمال کرنے سے گُریز کریں۔
اس پر کریم نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ واہ ، آپ تو کچھ زیادہ ہی حساس نہیں ہیں؟
جس پر پیپسی پاکستان نے نہایت عاجزانہ انداز میں کریم کو جواب دیا کہ جب آپ کو ہماری طرف سے قانونی نوٹس ملے گا، تب دیکھیں گے کہ کون حساس ہے اور کون نہیں۔