Live Updates

ریحام خان کو عمران خان پر تنقید کرنا مہنگا پڑ گیا

سوشل میڈیا پر ریحام خان کا پُرانا ٹویٹ وائرل

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 22 نومبر 2018 12:54

ریحام خان کو عمران خان پر تنقید کرنا مہنگا پڑ گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 نومبر 2018ء) : وزیراعظم عمران خان کی دوسری سابقہ اہلیہ ریحام خان علیحدگی کے بعد سے ہی عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتیں۔ عمران خان کی اہلیہ ہونے کی حیثیت سے انہوں نے ان کے حق میں جو بیان دئے ، ان سے علیحدگی کے بعد ان بیانات کے بالکل برعکس انکشافات کیے جس پر انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ روز عالمی رحمت اللعالمین ﷺ کانفرس کے افتتاحی سیشن میں شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کرکٹ کے دنوں میں میں محض نام کا مسلمان تھا ، والد کے کہنے پر جمعہ اور عید کی نماز پڑھتا تھا۔ کرکٹ کھیلنے کے دوران ایک اسکالر نے مجھے دین کی طرف راغب کیا۔

(جاری ہے)

میرا راستہ نہ بدلتا تو میں اسپتال نہ بناتا اور نہ ہی سیاست میں آتا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ انسان کی زندگی اللہ کے راستے پر چلنے سے تبدیل ہوتی ہے۔ اللہ نے حضرت محمد ﷺ کو رحمت اللعالمین بنا کر بھیجا۔ اللہ نے انسان کو ایک مقصد کے تحت پیدا کیا۔ فلاحی ریاستیں وسائل کی وجہ سے نہیں احساس کی وجہ سے بنتی ہیں۔ عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ کے بہت سے پیغمبر دنیا میں آئے لیکن انسانی تاریخ میں ان کا ذکر نہیں ملتا ۔

جیسا کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام کا ذکر تو قرآن میں ملتا ہے لیکن حضرت عیسٰیؑ کا تو تاریخ میں ذکرنہیں ملتا۔ اس بیان پر جہاں وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا وہیں ریحام خان بھی میدان میں آگئیں۔ حضرت عیسیٰ سے متعلق وزیر اعظم عمران خان کے بیان پر ریحام خان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے نہ تو قرآن پڑھا ہے اور نہ تاریخ کی کوئی کتاب پڑھی ہے۔

ریحام خان کی اس تنقید پر ان کا اپنا ہی ایک پُرانا ٹویٹ وائرل ہو گیا۔ یہ ٹویٹ تب کا ہے جب ریحام خان عمران خان کی اہلیہ تھیں۔ اُس وقت ایک ٹویٹر صارف نے ریحام خان سے سوال کیا تھا کہ عمران خان کا مشغلہ کیا ہے؟ جس پر ریحام خان نے جواب دیا تھا کہ عمران خان کو تاریخ سے متعلق کتابیں پڑھنا بہت پسند ہے، وہ بالخصوص اسلامی تاریخ پر مبنی کتابیں پڑھنا پسند کرتے ہیں۔

ریحام خان نے اس پُرانے ٹویٹ کے وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا صارفین کی توپوں کا رُخ ان کی طرف ہو گیا۔ صارفین کا کہنا تھا کہ ریحام خان نے اپنی زندگی میں بہت جھوٹ بولے ہیں، ان کا ہر بیان ان کے اپنے بیان سے مطابقت نہیں رکھتا، ریحام خان یوٹرن ماسٹر ہیں جو اپنے ہر بیان پر یوٹرن لے لیتی ہیں اور بلا سوچے سمجھے ہی عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتی ہیں۔ ان کی انہی حرکتوں سے ان کی باتوں پر یقین کرنا مشکل ہے اور اب کوئی بھی ان کی باتوں کو اہمیت نہیں دیتا لیکن وہ پھر بھی عمران خان پر تنقید کر کے لوگوں کی توجہ حاصل کرنا چاہتی ہیں اور ہمیشہ اپنے پاؤں پر ہی کُلہاڑی مار لیتی ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات