تجاوازت کے خلاف آپریشن لوگوں میں بھی تبدیلی لے آیا

کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کا اثر، جن لوگوں نے غیر قانونی طور پراپنے گھروں کی حدود بڑھا لی تھیں، اس کو لوگوں نے خود ہی گرانا شروع کر دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 22 نومبر 2018 13:36

تجاوازت کے خلاف آپریشن لوگوں میں بھی تبدیلی لے آیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 نومبر2018ء) تجاوازت کے خلاف آپریشن لوگوں میں بھی تبدیلی لے آیا۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں تجاوازت کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ پنجاب حکومت نے 2 اکتوبر سےپنجاب بھر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کررکھا ہے ۔اس آپریشن کے نتیجے میں ہزاروں کنال قیمتی اراضی کو واگزار کروا لیا گیا ہے۔اسی طرح کراچی میں بھی یہ آپریشن کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔

تاہم اب ہمیں اس میں بھی تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی میں جن لوگوں نے غیر قانونی طور پر اپنے گھروں کی حدود بڑھا لی تھی تو لوگوں نے خود ہی اس کو گرانا شروع کر دیا۔سوشل میڈیا پر اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی وائرل ہو رہی ہے جس میں بتایا جا رہا ہے کہ لوگوں نے اس شرم سے اپنے گھروں کے سامنے غیر قانونی حدود گرانا شروع کر دیں کہ جب سرکاری مشینری آ کر گرائے گی تو اس سے شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

جب کہ دوسری طرف صدر ایمپریس مارکیٹ سے شروع ہونے والا آپریشن دیگر علاقوں میں تیزی سے پھیلتا جا رہا ہے۔ شہری حکومت کی جانب سے تجاوزات کے خلاف آپریشن کا دائرہ کار بڑھا دیا گیا۔کے ایم سی کے بعد کے ڈی اے بھی تجاوزات کے خلاف متحرک ہوگئی، جس نے گلستان جوہرمیں تجاوزات کے خلاف نائٹ آپریشن کیا۔ہیوی مشینری سیسماما سینٹر اورگلستان جوہر کے مختلف بلاکس میں فٹ پاتھ اورسڑک پر موجود درجنوں پتھاروں اور دکانوں کو گرا دیا گیا۔

گلستان جوہر میں سفاری پارک کے قریب کے ڈی اے اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ سیل نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا۔ گلستان جوہر کے مختلف بلاکس میں تجاوزات کے خلاف آپریشن ہوا، ہیوی مشینری سے فٹ پاتھ سے پتھارے ہٹا دیے گئے، بڑی تعداد میں غیرقانونی دکانوں کو بھی مسمار کیا گیا۔گلستان جوہر میں رابعہ سٹی کے قریب واقع پرانے فرنیچر کی دکانوں کو کچھ دیر کی مہلت دی گئی تاہم بعد میں اسے بھی ہٹا دیا گیا، آپریشن کے دوران گرین بیلٹ پر قائم غیر قانونی دکانیں گرا دی گئیں۔آپریشن کے دوران جہاں شہری حکومت کا عملہ آپریشن میں مصروف رہا، وہی پولیسوالے بھی اپنی کارروائی کرتے بنے اور متاثر ہونے والے ہوٹلوں اور دکانوں سے کرسیاں اور ٹیبلز پولیس موبائل میں رکھ لیں۔