اسلام امن پسند مذہب ہے ہمیں معاشرے میں تحمل ،رواداری اور امن کو فر وغ دینا چاہیے، یوسف رضاگیلانی

جمعرات 22 نومبر 2018 14:38

اسلام امن پسند مذہب ہے ہمیں معاشرے میں تحمل ،رواداری اور امن کو فر وغ ..
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2018ء) سابق وزیر اعظم پاکستان اور سینئروائس چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اسلام پرامن مذہب ہے اور مغرب اس کا غلط چہرہ دکھانے کی کوشش کررہاہے۔مغربی قوتیں مسلمانوں کا چہرہ مسخ کرکے دکھاتی ہیں۔بعض عناصر اسلام کا حقیقی اورسافٹ امیج خراب کررہے ہیں۔مسلمان دہشت گرد نہیں ہیں ۔

اسلام ایک امن پسند مذہب ہے۔ہم ہرقسم کی دہشت گردی اور تشدد کے خلاف ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے ملتان میں عیدمیلادالنبی ؐ کے مرکزی جلوس میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑرہاہے ۔دہشت گردوں نے اسلام کوبدنام کیا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے سے امن بحال ہوگا اورپھر ملک میں سیاسی ومعاشی بہتری بھی آئے گی۔

انہوں نے مزید کہاکہ عید میلا د النبی ؐ مسلمانوں کے لیے سب سے بڑی خوشی کا دن ہے ۔ہم اسے ہرسال شایان شان طریقے سے مناتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اسوہ حسنہ ہمارے لیے مشعل راہ ہے اور نبی پاک ؐ کی تعلیمات پر عمل کرکے ہی دنیاوی مسائل سے نجات حاصل کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمیں معاشرے میں تحمل ،رواداری اور امن کو فر وغ دینا چاہیے۔