رسول اکرم ﷺکی آمد پوری انسانیت کیلئے باعث رحمت ہے ،جاوید ہاشمی

جمعرات 22 نومبر 2018 14:40

رسول اکرم ﷺکی آمد پوری انسانیت کیلئے باعث رحمت ہے ،جاوید ہاشمی
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2018ء) سینئر سیاستدان وسابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماء مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ ختم نبوت ﷺ پر ہمارے کامل ایمان ہے۔آج کے دن کاپیغام یہ ہے کہ ہم ملک میں امن لائیں اور دہشت گردی کاخاتمہ کردیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے انجمن اسلامیہ کے زیراہتمام عیدمیلادالنبی ﷺ کے سالانہ جلوس کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔

انہوں نے کہاکہ اسلام پوری انسانیت کے لیے امن کا پیغام لایا اور آج اس پیغام کو پوری دنیا میں عام کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گرد امن کے دشمن ہیں اور کچھ اسلام دشمن عناصر چاہتے ہیں کہ امن وامان برقرارنہ رہے۔انہوں نے کہاکہ ان شرپسندوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لیے ہم سب کو متحد ہونا ہوگا۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے مزید کہاکہ ٹرمپ کا حالیہ بیان درست نہیں ۔

پاکستان نے دہشت گرد ی کے خلاف جنگ میں اہم کردارادا کیا ہے۔جاوید ہاشمی نے مزید کہاکہ رسول اکرم ﷺکی آمد پوری انسانیت کے لیے باعث رحمت ہے۔آج کا دن خوشیوں کادن ہے اور ہم اس لیے خوشی مناتے ہیں کہ جب حضوراکرمﷺ اس دنیا میں تشریف لائے تو ظلمتوں کا خاتمہ ہوا ،بہارآگئی اور گمراہی کاشکار ہونے والے راہ راست پر آگئے۔انہوںنے کہا کہ رسول اکرم ﷺ پوری دنیا کے لیے رحمت اللعالمین ہیں اور ہمیں اسلام کاپیغام امن عام کرنا چاہیے۔