ٹیلی وژن کا عالمی دن، سمارٹ فونز اور تیزرفتار انٹرنیٹ نے ٹی وی کے خریدار کم کردیئے

جمعرات 22 نومبر 2018 14:55

ٹیلی وژن کا عالمی دن، سمارٹ فونز اور تیزرفتار انٹرنیٹ نے ٹی وی کے خریدار ..
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2018ء) سوشل میڈیا نے جہاں اور بہت سے رجحان تبدیل کیے وہیں اس کے نتیجے میں ٹی وی کے خریدار بھی کم ہوگئے ہیں۔ حسین آگاہی میں الیکٹرانکس کا کاروبار کرنے والے دکاندار شیخ انور نے ٹی وی کے عالمی دن کے موقع پر اے پی پی کوبتایا کہ’’ ٹی وی کی مانگ اب ویسی نہیں رہی جیسی آج سے 15برس پہلے تھی۔اب تو سوشل میڈیا کی بدولت ہر شخص کی جیب میں ٹیلی ویژن ہے‘‘۔

ٹی وی کا عالمی دن ہر سال 21نومبرکو منایا جاتا ہے ۔اقوام متحدہ نے 1997ء میں یہ دن منانے کا اعلان کیاتھا اوراس روز پہلا ورلڈ ٹیلی ویژن فورم منعقد کیاگیاتھا۔ ٹی وی کی فروخت کے حو الے سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ انور نے مزید بتایا کہ سمارٹ فونز اور تیزرفتار انٹرنیٹ ٹی وی کے خریداروں میں کمی کا باعث بنا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ویسے بھی اب روایتی ٹیلی ویژن ختم ہوگیاہے اوراس کی جگہ ایل سی ڈی اورایل ای ڈی نے لے لی ہے۔

پاکستان ٹیلی ویژن ملتان کے سینئر پروڈیوسر شفقت عباس نے کہاکہ میرے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ میں اس ادارے کے ساتھ منسلک ہوں جس نے پاکستان میں ٹیلی ویژن کی بنیاد رکھی۔انہوں نے کہاکہ اس وقت اگرچہ پرائیویٹ چینلز کی بڑی تعداد پی ٹی وی کے مقابلے میں ہے لیکن اس کے باوجود پاکستان ٹیلی ویژن نے جو خدمات ا نجام دیں اور جو معیار دیا اس کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا۔

پی ٹی وی کی خبر پر لوگ اب بھی اعتبارکرتے ہیں۔ہمارے ڈراموں کی دنیا بھر میں دھوم رہی۔پاکستان میں براہ راست کوریج کاآغاز بھی پی ٹی وی نے کیا اور خوشی کی بات یہ ہے کہ موجودہ دور حکومت میں پی ٹی وی پہلی مرتبہ ایک آزاد چینل کے طورپر کام کررہا ہے۔ یہ ادارہ اب صرف حکمرانوں کے لیے وقف نہیں بلکہ اپوزیشن کوبھی بھرپور نمائندگی دی جارہی ہے اور پی ٹی وی کے ٹاک شوز میں شرکاء حکومتی پالیسیوں پر تنقید بھی کرتے ہیں جس کاماضی میں تصور بھی نہیں کیا جاسکتا تھا۔