شیول آپریٹر پاکستانی نے جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے سعودی شہری کو ڈوبنے سے بچا لیا

پاکستانی شیول آپریٹر شکیل احمد کو اعزاز سے نواز دیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 22 نومبر 2018 15:53

جدہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 نومبر 2018ء) : سعودی عرب میں ایک شیول آپریٹر پاکستانی نے اپنی جان جوکھوں میں ڈال کر سعودی شہری کو سیلابی ریلے سے بچا لیا اور انسانیت کی نئی مثال قائم کر دی۔ تفصیلات کے مطابق شکیل احمد مکہ مکرمہ ریجن کے شہر سبت الجارہ میں تقریباً 8 برس سے کام کررہا ہے۔ شکیل احمد کا تعلق پاکستان کے شہر گجرات سے ہے۔ سعودی عرب کی ایک وادی میں شدید سیلاب میں ایک سعودی شہری گاڑی سمیت پانی کے ریلے میں بہنے ہی لگا تھا کہ شکیل احمد نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر اس کی جان بچا لی۔

وادی کے اطراف میں جمع کئی لوگ یہ منظر دیکھا اور افسوس، رنج اور مایوسی کا اظہار کیا لیکن کوئی سعودی شہری کی مدد کے لیے آگے نہیں آیا۔ اسی دوران شکیل احمد نے سعودی شہری کو بچانے کے لیے موقع پر موجود متعلقہ اداروں کے اہلکاروں سے مدد کی اجازت طلب کی لیکن اہلکاروں نے صاف انکار کردیا ۔

(جاری ہے)

موقع پر موجود تمام افراد کو یہ واضح نظر آرہا تھا کہ جو شخص بھی سیلابی ریلے میں بہنے والے سعودی شہری کو بچانے کی کوشش کرے گا وہ خود بھی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے گا۔

پاکستانی نوجوان نے اہلکاروں کو یقین دلایا کہ وہ اپنی موت کا ذمہ دار خود ہوگا لہٰذا اسے مصیبت زدہ سعودی بھائی کو بچانے کا موقع دیا جائے۔ جونہی شکیل احمد کو اجازت ملی وہ شیول اسٹارٹ کرکے پانی کے ریلے میں گُھس گیا اور دیکھتے ہی دیکھتے سعودی شہری کو گاڑی سمیت بحفاظت ساحل پر لے آیا۔ موقع پر موجود شہریوں نے پُرجوش تالیوں کے ساتھ شکیل احمد کو خراجتحسین پیش کیا۔

گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے شکیل احمد کی بہادری اور انسانیت کی اطلاع ملتے ہی اس کے لیے انعام اور اعزاز کا اعلان کیا۔اس حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اعلیٰ عہدیداران شریک تھے۔ اس تقریب میں شکیل احمد کو بہادری کا مظاہرہ کرنے اور انسانیت کی اعلیٰ مثال قائم کرنے پر اعزاز سے نوازا گیا۔ پاکستانی جوان شکیل احمد کا کہنا ہے کہ اسے جو عزت اور محبت سعودی عرب میں ملی ، وہ اسے پاکستان سے منسوب کرتا ہے ۔ شکیل احمد نے کہا کہ اعزاز کی صورت میں حاصل ہونے والی رقم چیف جسٹس ثاقب نثار کے ڈیم فنڈ میں جمع کرواؤں گا۔