ایران نے امریکی اڈوں اور فریگرٹس کو نشانہ بنانے کی دھمکی دے دی

امریکیوں نے ذرا بھی حرکت کی تو انہیں نشانہ بنانا ہمارے لئے عین ممکن ہے،ایرانی فضائیہ کے سربراہ کا بیان

جمعرات 22 نومبر 2018 16:00

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2018ء) ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب کے ایک سرکردہ کمانڈر نے دھمکی دی ہے کہ مشرق وسطیٰ میں امریکی اڈے اور خلیج کے پانیوں میں موجود طیارہ بردار امریکی بحری بیڑے ایرانی میزائلوں کی زد میں ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پاسداران انقلاب کی فضائیہ کے سربراہ امیر علی حاجی زادہ نے جاری ایک بیان میں کہاکہ متذکرہ تمام تنصیبات ہماری فائرنگ رینج میں ہے۔

امریکیوں نے ذرا بھی حرکت کی تو انہیں نشانہ بنانا ہمارے لئے عین ممکن ہے۔امیر علی حاجی زادہ کا مزید کہنا تھا کہ پاسداران انقلاب کے میزائل اپنے ہدف کو بہتر طور پر نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ہم نے انہیں مزید ترقی دی ہے۔ انہوں نے کہا ہمارے میزائل قطر میں امریکا کی ائر بیس العدید سے لیکر قندھار افغانستان تک میں ان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں،ایرانی عسکری کمانڈر کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ان کے امریکا کے ساتھ تعلقات میں کشیدگی عروج پر ہے۔

(جاری ہے)

یہ کشیدگی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امسال مئی میں اس جوہری معاہدے سے نکلنے کے بعد پیدا ہوئی۔یہ معاہدہ ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان طے پایا تھا۔ امریکی قیادت اس معاہدے کو ناقص اور نامکمل سمجھتی ہے کیونکہ اس میں بیسلٹک میزائل کی تیاری اور شام، یمن، لبنان اور عراق میں ایران کی پراکسیز کی جنگ پر پابندی سے متعلق کوئی بات نہیں کی گئی۔