Live Updates

حالیہ مردم شماری کے نتائج کو مشترکہ مفادات کونسل کے ذریعے حتمی شکل دینے کی تیاری کی جارہی ہے،نسرین جلیل

ایم کیو ایم بارہا یہ باور کراچکی ہے کہ اس مردم شماری میں کراچی کی آبادی کو آدھا گنا گیا ہے،ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم پاکستان

جمعرات 22 نومبر 2018 18:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2018ء) متحدہ قو می موومنٹ پاکستان کی ڈپٹی کنوینر نسرین جلیل نے رابطہ کمیٹی کے اراکین کے ہمراہ عارضی مرکز بہادر آباد پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج آپ لوگوں کو زحمت دینے کا مقصد یہ ہے کہ حالیہ مردم شماری کے نتائج کو مشترکہ مفادات کونسل کے ذریعے حتمی شکل دینے کی تیاری کی جارہی ہے،ایم کیو ایم پاکستان بارہایہ باور کراچکی ہے کہ اس مردم شماری میں کراچی کی آبادی کو آدھا گنا گیا ہے یہ وہ شہر ہے جو نا صرف سو ممالک سے بڑا ہے بلکہ پاکستان کا سب سے بڑا شہر ہے جسے ہم منی پاکستان کہتے ہیں اس شہر کی ترقی اور وسائل میں جائز حصے کیلئے ضروری ہے کہ درست مردم شماری کی بنیاد پر وسائل کی تقسیم اور کراچی اور سندھ کے شہری علاقوں کے جائز حصے کو ممکن بنایا جائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے رکن فیصل سبزواری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کی پریس کانفرنس کا مدعانسرین جلیل نے بیان کردیا ہے ہم یہ واضح کردینا چاہتے ہیں کہ مردم شماری کے دوران ہونے والی بے ضابطگیاں صرف ایم کیو ایم کیخلاف نہیں بلکہ شہر کراچی اور سندھ کے شہری علاقوں میں بسنے والی تمام اکائیوں کیخلاف ہے،ایم کیو ایم پاکستان نے ماضی میں بھی اس مسئلے پر آواز اٹھائی اور ہم ایک بار پھر تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اداروں،سیاسی جماعتوں سے رابطہ کرنے جارہے ہیں اور اس اہم مسلے پر رائے عامہ ہموار کرنے جارہے ہیں۔

اس ضمن میں وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلی سندھ سے بھی وقت مانگ رہے ہیں جنہیں ہم اپنے تحفظات سے آگاہ کریں گے،مردم شماری کے آغاز سے قبل ہی ایم کیو ایم نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا لیکن ہماری شنوائی نہ ہوسکی چیف جسٹس صاحب نے میئر کراچی کو تمام اختیارات کے ساتھ تجاوزات کے خاتمے کا اختیار دیالیکن شہر کراچی اور سندھ کے شہری علاقوں کی تعمیر کیلئے ایم کیو ایم کی دو پٹیشن ایک مردم شماری کے نتائج اور دوسری بلدیاتی اداروں کو آئین کے آرٹیکل 140Aکے تحت اختیارات تفویض کرنے کیلئے داخل کی تھی چیف جسٹس صاحب کم بیش ہر ہفتے کراچی آتے ہیں ان سے درخواست ہے کہ سندھ کے شہری علاقوں کی تعمیر کیلئے ان پٹیشنز کو ترجیحی بنیادوں پر سنیں۔

ایم کیو ایم پاکستان کا مردم شماری کے نتائج پر یہ مطالبہ رہاہیکہ دس فیصد رہائشی بلاکس کا تیسرے فریق سے آزادانہ آڈٹ کرانے کے بعد مردم شماری کے نتائج کو حتمی شکل دی جائے ،انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان نے اپنی آئینی ترمیم کے ذریعے پانچ فیصد رہائشی بلاکس کے آڈٹ کی منظوری دی لیکن اب اطلاعات یہ آرہی ہیں کہ مشترکہ مفادات کونسل مردم شماری کے غیر حتمی نتائج کو حتمی شکل دینے جارہی ہے ،ایم کیو ایم اس عمل کی بھر پور مخالفت کرے گی ایوانوں میں اور سڑکوں پر بھر پور مقدمہ لڑے گی۔

ہم ماضی میں بھی ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہے ہیں اور اب بھی بلند کریں گے،رائے عامہ ہموار کرنے کیلئے ایم کیو ایم پاکستان ایک کانفرنس منعقد کرنے جارہی ہے جبکہ قانون دانوں سے مشاورت جاری ہے اور سپریم کورٹ سے جلددرخواستوں کی سماعت کیلئے رجوع کیا جائے گا۔اگر چہ کہ وزیر خزانہ نے اس بات کی تردید کی ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل میں ایسی کوئی بات زیر غور آئی ہے۔

ہم یہ باور کراتے ہیں کہ یہ مسلہ تمام سیاسی جماعتوں کا ہے بھلے انہیں ایک ووٹ نا ملا ہو ، پاکستان تحریک انصاف سے ہونے والا حکومتی اتحاد جس مفاہمتی یاد داشت کی بنیاد پر ہوا اس میں بھی مردم شماری کے نتائج کے تھرڈ پارٹی آڈٹ پر اتفاق کیا گیا تھا اور وزیر اعظم پاکستان نے اس مطالبے کو جائز قرار دیا تھا۔اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے اراکین عبدالوسیم،عبدالقادر خانزاد،محفوظ یار خان ،حق پرست ایم این اے ڈپٹی محمد اقبال ،اور اسامہ قادری موجود تھے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات