اینستھیزیا ماہرین کی تربیت کیلئے محکمہ صحت پنجاب ، یو ایچ ایس

اور میڈیکل تعلیمی اداروں کے درمیان ایم او یو پر دستخط کا فیصلہ

جمعرات 22 نومبر 2018 20:19

لاہور۔22 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2018ء) اینستھیزیا ماہرین کی تربیت کیلئے محکمہ صحت پنجاب ،یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز( یو ایچ ایس) اور میڈیکل تعلیمی اداروں کے درمیان(مفاہمتی یاداشت) ایم او یو پر دستخط کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس ضمن میں جمعرات کو وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ محمد خان رانجھا، وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم، ایڈیشنل سیکرٹریوں مسزعمارہ ، فاطمہ شیخ اور ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر یداللہ نے بھی شرکت کی، ڈاکٹر یاسمین راشد نے متعدد ضلعی اور تحصیل ہسپتالوں میں اینستھیزیا ماہرین کی کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نجی میڈیکل تعلیمی اداروں سے اینستھیزیا ٹیکنیشنز کی نشستیں بڑھانے کا کہا جائے گا،اینستھیزیا ماہرین کے بغیر کسی ہسپتال میں سرجری کا کوئی کام ہونا ممکن نہیں، اینستھیٹیٹس کے معاوضوں میں نمایاں اضافہ کیا جارہا ہے، مختصر مدت کیلئے اینستھیزیا ٹیکنیشنز کے ڈپلومہ کورسز بھی شروع کئے جا رہے ہیں،وزیر صحت نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ دسمبر میں مزید 33 اینستیھٹیٹس کی تربیت کا عمل مکمل ہوجائے گا،انہوں نے اینستھیزیا کیڈر کی طرف کم رجحان کے حوالے سے کہا کہ اینستھیزیا کیڈر کو معاشرے میں شناخت دینا ہوگی،اس کے علاوہ ان کی تنخواہوں اور مراعات میں نمایاں اضافہ بھی کیا جارہا ہے، اینستھیٹیٹس کو ریٹائر ہونے پر فوری دوبارہ ملازمت کی پیشکش کی جارہی ہے، وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم نے تجویز دی کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد بڑھنے پر انہیں نجی میڈیکل کالجوں کے ٹیچنگ ہسپتالوں میں منتقل کردیا جائے کیونکہ نجی ٹیچنگ ہسپتال 50فیصد مریضوں کا مفت علاج کرنے کے پابند ہیں، وزیر صحت اس تجویز پر مزید پیشرفت کیلئے تفصیلی پیپرورک تیار کرنے کی ہدایت کی۔