Live Updates

وزیراعظم کی زیرصدارت ہاؤسنگ ٹاسک فورس کا اجلاس

نیا پاکستان ہاوسنگ پروگرام کا دائرہ کار آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان تک بڑھانے کی ہدایت

جمعرات 22 نومبر 2018 23:28

وزیراعظم کی زیرصدارت ہاؤسنگ ٹاسک فورس کا اجلاس
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2018ء) وزیراعظم عمران خان نے نیا پاکستان ہاوسنگ پروگرام کا دائرہ کار آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان تک بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام پی ٹی آئی حکومت کا سب سے اہم پروگرام ہے جس سے بے گھر افراد کو گھر کی سہولت میسر آنے کیساتھ ساتھ ملک میں معاشی عمل تیز ہوگا اور نوجوانوں کو بے شمار نوکریوں کے مواقع فراہم آئیں گے۔

جمعرات کووزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہاؤسنگ ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں وزیرِ ہاؤسنگ چوہدری طارق بشیر چیمہ، وزیرِ دفاع پرویز خٹک، وزیرِ خزانہ اسد عمر، وزیر برائے پلاننگ خسرو بختیار، سینئر وزیر پنجاب علیم خان، ہاؤسنگ منسٹر سندھ سعید غنی، ایم این اے نجیب ہارون، ممبر صوبائی اسمبلی فردوس شمیم، شوکت ترین، سیکرٹری ہاؤسنگ ڈاکٹر عمران زیب ، ممبران ٹاسک فورس اور سینئر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

چیئرمین ٹاسک فورس ضیغم محمود رضوی کی وزیرِ اعظم کو نیا پاکستان ہاوسنگ پروگرام کے سلسلے میں مجوزہ قانون سازی، وفاق اور صوبائی سطح پر قائم کی جانے والی ہاوسنگ اتھارٹیز اور مجوزہ رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی اور دیگر معاملات پر اب تک ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ نیا پاکستان ہاوسنگ پروگرام پی ٹی آئی حکومت کا سب سے اہم پروگرام ہے جس سے بے گھر افراد کو گھر کی سہولت میسر آنے کیساتھ ساتھ ملک میں معاشی عمل تیز ہوگا اور نوجوانوں کو بے شمار نوکریوں کے مواقع فراہم آئیں گے۔وزیرِ اعظم عمران خان نے نیا پاکستان ہاوسنگ پروگرام کا دائرہ کار آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان تک بڑھانے کی ہدایت کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات