صوبائی حکومت صوبے میں گڈگورننس ، انتظامی امور میں بہتری اور دیگر مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے ،صوبائی وزیر خزانہ میر محمد عارف محمد حسنی

جمعرات 22 نومبر 2018 23:44

کوئٹہ۔22نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2018ء) صوبائی وزیر خزانہ میر محمد عارف محمد حسنی نے کہا ہے کہ صوبے میں گڈگورننس ، انتظامی امور میں بہتری اور دیگر مسائل کے حل کیلئے صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ جام کمال خان کی قیادت میں بھر پور کوشاں ہے لہٰذا اس ضمن میں پورے صوبے کے مختلف علاقوں میں موجود ڈویژنل آفیسران حکومت کی جانب سے کئے جانے والے تمام اقدامات کو عملی جامہ پہنانے کیلئے فور ی اقدامات کریں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر صوبے میں گڈ گورننس ، مالی مسائل کے حل ، انتظامی امور سمیت وسائل میں بہتری لانے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سیکریٹری خزانہ نور الامین مینگل ، کمشنر رخشاں ڈویژن نصیر احمد ناصر ، کمشنر قلات ڈویژن بشیر احمد بنگلزئی ، کمشنر کوئٹہ ڈویژن ہاشم غلزئی ، کمشنر مکران ڈویژن سید ل لونی ، کمشنر ژوب ڈویژن بشیر بازئی و دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ وسائل کی کمی اورمسائل کے زیادہ ہونے کی وجہ سے ڈویژنل سطح پر ہمارے آفیسران کو پریشانی کا سامنا ہے اور ہمیں ان کی ان تمام مسائل اور پریشانیوں کا بخوبی احساس ہے لہٰذا اس حوالے سے مالی مسائل پر قابو پانے کیلئے ضروری اور فوری نوعیت کے چھوٹے مسائل کو حل کرنے کیلئے فنڈز کی فراہمی کی جائے گی تاکہ ڈویژنل آفیسران کو اپنے ہی دفتر میں ان مسائل کو حل کرنے میںآ سانی ہو ۔

انہوںنے کہا کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے علاوہ دیگر صحت مندانہ سرگرمیوں جن میں فیسٹیولز کا انعقاد ، کلچرل شوز و دیگر تفریحی پروگراموں کے انعقاد سے ایک طرف تو عوام کو تفریح کے مواقع ملیں گے جبکہ دوسری جانب ان مثبت سرگر میوں کی وجہ سے ملکی اور بین الا قوامی سطح پر صوبے کے حوالے سے خوبصورت تاثر قائم ہوگا ۔ اس موقع پر ڈویژنل کمشنرز نے اجلاس کو درپیش مالی مشکلات و دیگر مسائل کے بارے میں آگاہ کیا جس پر صوبائی وزیر نے انہیں یقین دلایا کہ ان مسائل کے حل کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔