حکومت کے لئے امن و امان کی صورتحال بڑا چیلنج ہے‘ دہشتگرد ملک دشمن ایجنڈے پر کام کرتے ہیں، چین قونصلیٹ اور کوہاٹ میں دہشت گردی کے واقعات کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، ایاز صادق

جمعہ 23 نومبر 2018 17:09

حکومت کے لئے امن و امان کی صورتحال بڑا چیلنج ہے‘ دہشتگرد ملک دشمن ایجنڈے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2018ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما ایاز صادق نے کہا ہے کہ حکومت کے لئے امن و امان کی صورتحال بڑا چیلنج ہے‘ چین قونصلیٹ اور کوہاٹ میں دہشت گردی کے واقعات کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے پارلیمنٹ ہائوس میں جمعہ کو ’’ اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی حکومت اور موجودہ حکومت کا تقابلی جائزہ لیں تو بخوبی اندازہ ہو جائے گا کہ امن و امان کو بحال کرنے میں ہماری حکومت نے کیا ٹھوس اقدامات کئے۔

(جاری ہے)

اس وقت امن و امان کا بگڑتا ہوا توازن موجودہ حکومت کی ناکامیوں کی نشاندہی کرتا ہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت کے لئے یہ ایک بڑا چیلنج ہے کہ وہ دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے کے لئے اقدامات کرے۔ یہ ان کے لئے ایک بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے کراچی میں قونصلیٹ اور کوہاٹ میں اورکزئی کے علاقہ میں دہشت گردی کے واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ دہشتگرد اس ملک کے خیر خواہ نہیں ہیں‘ ملک دشمن ایجنڈے پر کام کرتے ہیں مگر قوم متحد ہے۔ ملک دشمنوں کو ان کے عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔