سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی کی زیر صدارت سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے شماریات ڈویژن کا اجلاس

پاکستان ادارہ شماریات کو ڈیٹا کے حصول کے لئے اپنے دائرہ کار میں وسعت لانے ،اپنی خامیوں کو دور کرنے اورتمام گروپس اور صنعتوں کو صحیح اور درست ڈیٹا فراہم کرنے کی ہدایت

جمعہ 23 نومبر 2018 21:03

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2018ء) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے شماریات ڈویژن نے پاکستان ادارہ شماریات (پی بی ایس) کو ہدایت کی ہے کہ وہ ڈیٹا کے حصول کے لئے اپنے دائرہ کار میں وسعت لائے اور اپنی خامیوں کو دور کرتے ہوئے شفافیت کو برقرار رکھتے ہوئے تمام گروپس اور صنعتوں کو صحیح اور درست ڈیٹا فراہم کرے۔ شماریات ڈویژن تمام اداروں کے ساتھ کو آرڈینیشن کو مزید بہتر بنائے۔

جمعہ کو قائمہ کمیٹی برائے شماریات کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا۔ اجلاس کے دوران کمیٹی کو بتایا گیا کہ پی بی ایس میں چالیس ہزار 456 بڑے مینوفیکچرنگ انڈسٹریز یونٹ رجسٹرڈ ہیں جن میں سے سے 30 ہزار 27 انڈسٹریز یونٹ باقاعدگی سے پی بی ایس کو مطلوبہ ڈیٹا فراہم کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سینیٹر رخسانہ زبیری نے اس موقع پر کہا کہ انڈسٹریز یونٹ سے ڈیٹا کے حصول بڑھانے کے لئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔

سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا کہ بڑے پیمانے کی صنعتوں سے پی بی ایس کو 100 فیصد درست ڈیٹا کا حصول یقینی بنانا چاہیے اور اس سلسلے میں جو رخنے ہیں انہیں دور کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پی بی ایس کو تمام قسم کے مینو فیکچرنگ یونٹس کی رجسٹریشن یقینی بنانی چاہیے تاکہ معیشت سے متعلق مکمل معلومات حصول یقینی ہو سکے اور جو مینوفیکچرنگ یونٹس رضا کارانہ طور پر ڈیٹا فراہم نہیںکرتے ان کو جرمانے بھی عائد کرنے چاہئیں۔

سیکرٹری شماریات ڈویژن محمد ایوب شیخ نے کہا کہ مینوفیکچرنگ یونٹس اور صنعتوں سے ڈیٹا کے حصول کو مزید بہتر بنانے کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں اور اس سلسلے میں روابط کو مزید بہتر کیا جا رہا ہے۔ کمیٹی نے وزارت کو ہدایت کی کہ وہ موجودہ نظام میں موجود خامیوں اور درپیش مسائل کے حوالے سے جامع منصوبہ پیش کیا جائے تاکہ شماریات ڈویژن کے نظام کو مزید موثر اور بہتر بنایا جا سکے۔