Live Updates

بجلی کی پیداوار ،3شہروں میں منصوبے کا جلد آغاز ہوگا:عبدالعلیم خان

ماہ میں کام مکمل : حکومت کی زیرو انویسٹمنٹ کے ساتھ چینی کمپنی سرمایہ کاری کرے گی ، لاہور 35میگاواٹ اور راولپنڈی و فیصل آباد 30میگا واٹ بجلی دیں گے :اجلاس میں بریفنگ

جمعہ 23 نومبر 2018 22:45

بجلی کی پیداوار ،3شہروں میں منصوبے کا جلد آغاز ہوگا:عبدالعلیم خان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 نومبر2018ء) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ کوڑے کرکٹ کو شہروں کے مضافاتی علاقوں میں اکٹھا کرنے کے متروک طریقے کو تبدیل کرتے ہوئے ویسٹ کولیکشن سے بجلی کی پیداوار کے منصوبوں پر کام شروع کر دیا گیا ہے اور جلد صوبے کی3بڑے شہروں لاہور،فیصل آباداور راولپنڈی میں چینی کمپنی کے اشتراک سے کام کا آغاز ہو گا اور ان پراجیکٹس سے 22ماہ کے بعد بجلی کی پیداوار شروع ہو سکتی ہے جس میں پنجاب حکومت کی انویسٹمنٹ زیرو ہو گی جبکہ چینی کمپنی کوڑا خریدنے کے علاوہ بجلی پیدا ہونے کے بعد منافع میں بھی شراکت کرے گی ،اس امر کا اظہار انہوں نے آج یہاں 90شاہرائے قائد اعظم پر چینی کمپنی کے اعلیٰ سطحی وفد سے منعقدہ اجلاس میں کیا ،سینئر وزیر نے کہا کہ کوڑا کرکٹ ڈمپ کرنے سے نہ صرف اراضی کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ گردو پیش کے علاقوں میں ماحول اور زیر زمین پانی بھی آلودہ ہو جاتا ہے ،انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بتدریج صوبے کے تمام شہروں میں لینڈ فل سائٹس ختم کر دے گی اور ہر شہر میں ویسٹ کولیکشن سے کار آمد اشیاء بنائی جائیںگی ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ چین کے علاوہ دیگر ملکوں کے اداروں سے بھی بات چیت جاری ہے اور جلد اس سلسلے میں پیش رفت ہو گی ،انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پنجاب میں دور رس نتائج کے حامل منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں موجودہ حکومت کو کئی ایک چیلنج درپیش ہیں جن سے نمٹنے کیلئے دن رات کام ہو رہا ہے ،سینئر وزیر پنجاب نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی لوٹ مار کے مقابلے میں موجودہ دور میں ٹھوس اور مثبت نتائج کے حامل منصوبے شروع کریں گے جن کا عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ ہو سکے اور کوڑا کرکٹ سے بجلی و کار آمد اشیا ء کی پیداوار اسی سلسلے کی اہم کڑی ہے جس پر بلا تاخیر کام شروع کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

چینی وفد کے جنرل مینجر ژو جیابن ،بزنس مینجر نی یانگ پنگ اور لیزا شین نے اپنے ادارے چائنہ ریلوے بیورو گروپ کی طرف سے پنجاب حکومت سے ویسٹ مینجمنٹ کے شعبے میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی،انہوں نے کہا کہ لاہور کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی ان منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کیلئے تیار ہیں ،اجلاس میں طے پایا کہ آئندہ ہفتے اس ضمن میں ضروری امور کر حتمی شکل دی جائے گی تاکہ جلد از جلد کام کا آغاز ہو سکے ،وفد نے تعاون کی یقین دہانی پر سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کا شکریہ ادا کیا ۔

اجلاس میں چیئرمین پی اینڈ ڈی اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے بھی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی اور محکمانہ امور کے حوالے سے روشنی ڈالی ،صوبائی وزیر میاں خالد محمود نے خصوصی طور پر اجلاس میں شرکت کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات