سجاول کے رہائشی مشتاق کملانی کی خدمات کو کبھی سراہا نہیں گیا ،گورنر سندھ

انہوں نے بڑی مشکل حالات کا سامنا کیا ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب مل کر ان کی بھرپور مدد کریں،عمران اسماعیل کی پریس کانفرنس

جمعہ 23 نومبر 2018 23:04

سجاول کے رہائشی مشتاق کملانی کی خدمات کو کبھی سراہا نہیں گیا ،گورنر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2018ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سندھ کے مشہور شاعر اور ادیب مشتاق کملانی کے ہمراہ پر ہجوم پریس کانفرنس میں ان کے علاج معالجہ اور روزگار فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سجاول کے رہائشی مشتاق کملانی کی خدمات کو کبھی سراہا نہیں گیا آمریت کے دور میں انہوں نے بڑی مشکل حالات کا سامنا کیا ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب مل کر ان کی بھرپور مدد کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان کی واضح ہدایات ہیں کہ صوبے بھر میں ادیب، فنون لطیفہ اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والوں کی ہر ممکن مدد کی جائے کیونکہ یہ معاشرے میں مثبت رجحان کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ گورنر سندھ نے اپنی جانب سے فوری علاج اور دیگر ضروریات کے لئے 50 ہزار روپے کیش دئیے اور یقین دہانی کروائی کہ مشتاق کملانی کے علاج معالجہ میں کسی بھی قسم کی کوتاہی نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تشخیص کے لئے انہوں نے جناح اسپتال کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی سے بھی بات کی ہے اور اگر ضرورت پڑی تو علاج کی غرض سے کسی دوسرے اسپتال میں بھی منتقل کیا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر ایم پی اے جمال صدیقی اور ایم پی اے خرم شیر زمان بھی موجود تھے۔