حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا کوئی پیروکار کسی بھی صورت حال میں تشدد پہ آمادہ نہیں ہو سکتا،ڈاکٹر زکریا ذاکر

جمعہ 23 نومبر 2018 23:35

لاہور۔23 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2018ء) یونیورسٹی اوکاڑہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زکریا ذاکر نے ماہ ربی الاول کے حوالے سے یونیورسٹی میں منعقد ہونے والے ایک سیمینار میں طلباء اور اساتذہ کے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن اور بردباری اسلام کا اولین درس ہے اور حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا کوئی پیروکار کبھی بھی کسی بھی صورت حال میں تشدد پہ آمادہ نہیں ہو سکتا، اس سیمینار کا موضوع معاشرے میں امن اور برداشت کے رویوں کو فروغ دینا تھا، ڈاکٹر زکریا کا مزید کہنا تھا کہ مذہب کے نام پہ معاشرے میں تشدد اور انتشار پھیلانا ایک سنگین جرم ہے، انہوں نے نوجوانو ں کو ترغیب دی کہ معاشرے میں امن، برداشت اور بردباری پیدا کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں اور اپنے آپ کو دوسروں کیلئے ایک مشعل راہ بنا کر پیش کریں، قیام امن کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صرف خطبات اور تقریروں سے کام نہیں چلے گا بلکہ ہمارے تعلمی اداروں ، بازاروں اور گلی محلوں کو تشدد سے پاک کرنے کیلئے عملی اقدامات درکار ہیں، ان کا کہنا تھا کہ معاشرے میں امن اور برداشت کو قائم کرنے کیلئے ہمیں نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات مبارکہ کو لوگوں کے سامنے ایک عملی نمونے کے طور پر پیش کرنے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :