پیسکو اور ٹسکو میں ہزاروں خالی اسامیوں پر تعیناتیوں کامطالبہ

جمعہ 23 نومبر 2018 23:40

پشاور۔23 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2018ء) آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین خیبر پختونخوا کے ایگزیکٹیو باڈی کا اجلاس گزشتہ روز اقبال لیبر کمپلیکس اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ رنگ روڈ پشاور میں زیر صدارت صوبائی چیئرمین حاجی محمد اقبال منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی سیکرٹری نور الامین حیدرزئی کے علاوہ صوبہ بھر سے پسکو اور ٹسکو کے زونل نمائندگان نے شرکت کی ۔

اجلاس میں ایک متفقہ قرار دادکے ذریعے حکومت‘ واپڈااتھارٹی‘ پسکو اورٹسکو انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا گیا کہ پسکو اور ٹسکو میں بجلی کے جان لیوا حادثات پر قابو پانے اور فیلڈ سٹاف پر کام کی دبائو کم کرنے کے لئے پسکو اور ٹسکو میں ہزاروں خالی اسامیوں پر میرٹ کے مطابق واپڈا کے فوت شدہ ‘ ریٹائرڈ اور حاضر سروس ملازمین کے بچوں کو بھرتی کیا جائے۔

(جاری ہے)

کیونکہ لینتھ آف لائنز اور نمبر آف کنزیومرز کے مقابلے میں فیلڈ سٹاف کی تعداد آٹے میں نمک کے برابر بھی نہیں ہے۔ جبکہ فیلڈ سٹاف کی شدید کمی کی وجہ سے نہ صرف آئے روز پسکو کے قیمتی لائن سٹاف لقمہ اجل بن رہے ہیں بلکہ اربن اور بالخصوص رورل ایریاز میں پسکو کے بیشتر کمپلینٹ آفسیز بند ہوچکے ہیں۔ جس کی وجہ سے صارفین بری طرح سے متاثر ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ریٹائرمنٹ پر جی ایل آئی کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے جبکہ عرصہ دراز سے زیر التواء پنشن کی ادائیگی کو یقینی بناکر صوبے بھر کے پسکو ملازمین جو کیش میڈیکل سہولت لے رہے ہیں کے لئے ہیلتھ کیئر پالیسی کے تحت 15فیصد میڈیکل الائونس کی بلا تفریق منظوری دی جائے۔ جبکہ بجلی کے مہلک اور غیر مہلک حادثات پر قابو پانے کے لئے غیر جانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بناکر ذمہ داروں کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔