امریکہ کا اتحادیوں سے ہواوے کے آلات کا استعمال ترک کرنے پر اصرار

امریکا، دیگر ممالک میں چینی موبائل کے استعمال کی روک تھام کے لیے ٹیلی کام کمپنیوں کی مالی مدد بھی کر رہا ہے،رپورٹ

ہفتہ 24 نومبر 2018 13:15

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2018ء) امریکا اپنے اتحادی ممالک کی وائرلیس اور انٹرنیٹ کمپنیوں کو قائل کرنے کی کوشش کر رہا ہے کہ وہ سائبر سیکیورٹی کے خدشات کے پیش نظر چینی موبائل کمپنی ہواوے کے آلات کا استعمال ترک کردیں۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کی اس ترغیبی مہم میں اتحادی ممالک کے سرکاری عہدیداران کو بھی ہدف بنایا جارہا ہے، جہاں ہواوے کے آلات کا استعمال زیادہ ہوتا ہے۔

بعض افراد کا کہنا تھا کہ امریکا، دیگر ممالک میں چین کے موبائل کے استعمال کی روک تھام کے لیے ٹیلی کام کمپنیوں کی مالی مدد بھی کر رہا ہے۔چین سے قریبی تعلقات ہونے کی وجہ سے امریکا اور آسٹریلیا سمیت بعض ممالک میں ہواوے کی نگرانی جاری ہے۔تاہم ہواوے ایک طویل عرصے تک سیکیورٹی خدشات اور چینی انٹیلی جنس سروسز سے تعلقات کے الزام کی تردید کرتا رہا ہے۔

(جاری ہے)

مذکورہ معاملے سے واقف افراد کے مطابق امریکا، ان ممالک میں چینی ٹیلی کمیونی کیشن آلات کے استعمال سے پریشان ہے جہاں امریکی فوجی اڈے قائم ہیں جیسا کہ جرمنی، اٹلی اور جاپان۔امریکی انتظامیہ کے تحفظات کی وجہ سے چینی کمپنی کی جانب سے امریکا میں اپنی موجودگی کو توسیع دینے کے منصوبے تعطل کا شکار ہوگئے ہیں۔دوسری جانب امریکی صدر نے باضابطہ طور پر تمام حکومتی عہدیداران پر ہیواوے فونز کے استعمال پر پابندی بھی عائد کر رکھی ہے۔