حالات آئیڈیل نہیں تھے ،حکومت کو مالی بحران سمیت کئی چیلنجوں کا سامنا ہے ‘عبدالعلیم خان

موجودہ سیٹ اپ سے عام آدمی اور کارکنوں کو بہت سی توقعات وابستہ ہیں ،پورا اترینگے ، نئے بلدیاتی نظام میں عام آدمی کے مقامی مسائل جلد حل ہوں گے ‘سینئر وزیر پنجاب کی شیخوپورہ کے وفد سے گفتگو

ہفتہ 24 نومبر 2018 18:04

حالات آئیڈیل نہیں تھے ،حکومت کو مالی بحران سمیت کئی چیلنجوں کا سامنا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2018ء) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کو ملنے والے حالات آئیڈیل نہیںتھے ،مالی بحران سمیت کئی ایک چیلنجوں کا سامنا ہے ،کارکردگی میں بہتری کی گنجائش موجودہے جس کیلئے باقاعدہ منصوبہ بندی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیخوپورہ کی اہم شخصیات پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس میں صوبائی وزیر میاں خالد محمود کی قیادت میں یہاں 90شاہرائے قائد اعظم پر سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان سے ملاقات کی اور اُن سے نئے بلدیاتی نظام کے حوالے سے تفصیلی گفتگوکی ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ پنجاب میں متعارف کرایا جانے والا نیا بلدیاتی نظام بلا شبہ فعال اور منتخب نمائندوں کو مکمل طور پر مالیاتی اور انتظامی اعتبار سے با اختیار کرنے والا نظام ہو گا جس میں عام آدمی کے مقامی مسائل جلد حل ہوں گے ، انہوں نے بتایا کہ شہروں میں نیبر ہڈ کونسلز اور ہر گاؤں میں پنچائٹ سسٹم اور ویلج کونسل بنے گی جبکہ جتنے گاؤںاُتنے نمائندے کے اصول پر ہرگاؤں میں پنجاب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کا 30فیصد ترقیاتی بجٹ کے طور پر دیا جائے گا ،اسی طرح پنجاب میں نیا بلدیاتی نظام عام شہریوں کیلئے نئی ترقی کی نوید لائے گا جس میں تین کی بجائے دوجہتی نظام متعارف کرایا جائے گا جس کی ہمارے سیاسی مخالفین بھی تعریف کرنے پر مجبور ہوں گے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت سے عام آدمی اور پارٹی کارکنوں کو بہت سی توقعات وابستہ ہیں ،مایوسی کی کوئی بات نہیں ہم سب جلد بہتری کیلئے پر امید ہیں اور وزیر اعظم اور اُن کی ٹیم دن رات نیک نیتی کے ساتھ کام کر رہی ہے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ نواز لیگ کی کرپشن کے باعث پنجاب میں ترقیاتی بجٹ کم کرنا پڑا ہے اکثر منصوبوں کو جاری رکھنے اور سبسڈی دینے کیلئے رقوم موجود نہیں ،نام نہاد خادم اعلیٰ نے مصنوعی ترقی کا خول اوڑھ رکھا تھا جس کی اصل حقیقت کھل کر سامنے آچکی ہے،صوبائی وزیر میاں خالد محمود نے شیخوپورہ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام نئے بلدیاتی نظام کے منتظر ہیں اور وہ کرپشن اور لوٹ مار سے ہر سطح پر چھٹکارا حاصل کرنا چاہتے ہیں ، ملاقات کرنے والوںمیں سعید ورک ،اسلم بلوچ،گل آغاز،بلال ورک ، شاہد منظور گل،چوہدری اشفاق ،ڈاکٹر سلیم ، راؤ جہانزیب قوی،عابد چٹھہ اور سرفراز ڈوگر شامل تھے جنہوں نے سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کا بلدیاتی نظام پر مشاورت کرنے پر شکریہ ادا کیا اور اس حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں ۔