Live Updates

جنوبی پنجاب کا مرکزی سب سیکرٹریٹ ملتان میں بنانےکا فیصلہ

بہاولپورکو سیکرٹریٹ بنانے کی خبریں بےبنیاد ہیں، ملتان جنوبی پنجاب کا مرکزی شہر ہے، شہریوں کو بہاولپورکی بجائے ملتان جانے میں آسانی ہوگی،سول سیکرٹریٹ جلداپنا کام شروع کردے گا۔ کرلیا۔ سینئر رہنماء پی ٹی آئی جہانگیرترین

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 24 نومبر 2018 18:56

جنوبی پنجاب کا مرکزی سب سیکرٹریٹ ملتان میں بنانےکا فیصلہ
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24 نومبر 2018ء) وزیراعظم عمران خان نے جنوبی پنجاب کا مرکزی سب سیکرٹریٹ ملتان میں بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ سینئر رہنماء پی ٹی آئی جہانگیرترین نے کہا کہ ملتان جنوبی پنجاب کا مرکزی شہر ہے، شہریوں کو بہاولپور کی بجائے ملتان جانے میں آسانی ہوگی، جنوبی پنجاب صوبہ سے قبل ہی سول سیکرٹریٹ جلد اپنا کام شروع کردے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک انصاف کے سینئر رہنماء جہانگیرترین نے اپنے ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ جنوبی پنجاب صوبی کیلئے سب سیکرٹریٹ بہالپور کی حمایت کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ ملتان کو جنوبی کا سب سیکرٹریٹ بنانے پروزیراعظم کی فیصلے کی مکمل حمایت کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے سب سے پہلے صوبہ جنوبی پنجاب کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

لودھراں میں خطاب کے دوران ہی کہا تھا کہ جنوبی پنجاب صوبہ ہرحال میں بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملتان جنوبی پنجاب کا سب سے بڑا اور مرکزی شہر ہے۔ جنوبی پنجاب کے شہریوں کو بہاولپور کی بجائے ملتان جانے میں آسانی ہوگی۔ جہانگیرترین نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ سے قبل ہی سول سیکرٹریٹ اپنا کام شروع کردے گا۔ سول سیکرٹریٹ میں چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی لیول کے افسران بیٹھیں گے۔

جنوبی پنجاب کے لوگوں کو اپنے کاموں کیلئے لاہور نہیں جانا پڑے گا۔ واضح رہے حکومتی اتحادی ق لیگ سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے جنوبی پنجاب صوبے کی مخالفت کی تھی۔ گزشتہ دنوں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے طارق بشیر نے کہا تھا کہ وہ یہ معاملہ وزیراعظم سے ملاقات میں اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ 'میں جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے خلاف نہیں بلکہ جنوبی پنجاب صوبے میں بہاولپور کو بھی شامل کرنے کی تجویز کے خلاف ہوں، میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کروں گا اور ان کی پرانی تقریریں بھی ساتھ لے جاؤں گا جن میں انہوں نے بہاولپور صوبے کے حق میں باتیں کی تھیں۔

طارق بشیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ پنجاب اسمبلی میں بہاولپور اور جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے قراردادیں منظور کرچکے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات