چینی قونصلیٹ، اورکزئی حملے میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے، شاہ فرمان

یہ مذموم کارروائیاں سی پیک کے منصوبوں کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہیں، گورنرکے پی کے شاہ فرمان کا کور کمانڈر پشاور اور آئی جی ایف سی کے ہمراہ ضلع اورکزئی میں جائے حادثہ کا دورہ

ہفتہ 24 نومبر 2018 21:39

چینی قونصلیٹ، اورکزئی حملے میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے، شاہ فرمان
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 نومبر2018ء) گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے کہا ہے کہ کراچی میں چینی قونصل خانے اور اورکزئی میں ہونے والے دہشت گرد حملوں میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے۔گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر محمود اور انسپکٹر جنرل فرنٹیئرکور(ایف سی)میجر جنرل راحت نسیم خان کے ہمراہ ضلع اورکزئی میں جائے حادثہ کا دورہ کیا۔

اس دوران میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ کراچی میں چینی قونصل خانے اور اورکزئی میں ہونے والے بم دھماکوں میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ مذموم کارروائیاں پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک)منصوبوں کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہیں۔

(جاری ہے)

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ دہشت گرد حملوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی۔

اس موقع پر کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر محمود کا کہنا تھا کہ ضلع اورکزئی میں ہونے والے دھماکے میں 12 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا۔خیال رہے کہ 23 نومبر کر کراچی میں چینی قونصل خانے اور اورکزئی میں دہشت گرد حملے ہوئے جن میں متعدد افراد مارے گئے۔لوئر اورکزئی کے کلایا بازار میں امام بارگاہ کے قریب ہونے والے دھماکے میں 32 افراد جاں بحق جبکہ 31 زخمی ہوگئے تھے۔