پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ہر قسم کی آزمائشوں کا بڑی پامردی کے ساتھ مقابلہ کیا ہے آج بھی ہمارے حوصلے بلند اور عزم جوان ہے،

چیئرمین پیپلزپارٹی پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی حقوق کے تحفظ اور جمہوریت کی بالادستی کے لئے کام کیا ہے اور وہ آئندہ بھی اپنے اس مشن سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گی، بلاول بھٹوزرداری

ہفتہ 24 نومبر 2018 22:05

پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ہر قسم کی آزمائشوں کا بڑی پامردی کے ساتھ مقابلہ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی حقوق کے تحفظ اور جمہوریت کی بالادستی کے لئے کام کیا ہے اور وہ آئندہ بھی اپنے اس مشن سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گی،پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ہر قسم کی آزمائشوں کا بڑی پامردی کے ساتھ مقابلہ کیا ہے آج بھی ہمارے حوصلے بلند اور عزم جوان ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کو یہاں بلاول ہاس کراچی میں پارٹی کے 51 ویں یوم تاسیس کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی کا یوم تاسیس بھرپور جوش و جذبے سے منایا جائیگا۔اجلاس میں یوم تاسیس کمیٹی کے ارکان سید قائم علی شاہ، نثار احمد کھوڑو اور وزیراعلی مراد علی شاہ کے علاوہ وقار مہدی، منظور وسان، اسلام الدین شیخ، نعمان اسلام الدین ، اعجاز جکھرانی،مکیش چاولہ، سعید غنی، مرتضی وہاب، عاجز دھامراہ اور فرخ شاہ نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پارٹی چیئرمین کو یوم تاسیس کے موقع پر سکھر میں منعقدہ جلسے کی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر بتایا گیا کہ جلسے میں ملک بھر سے قافلے شرکت کریں گے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے پارٹی کے جیالوں کا جوش جذبہ قابل تعریف ہے اور یوم تاسیس پرپارٹی نظریئے و فلسفہ سے تجدید عہد نو کیا جائیگا، جس کے لیئے قیادت نے اپنی جانوں کی قربانی دیکر ایک تاریخ رقم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے بائیں بازو، پسماندہ، مظلوم اور محنت کش طبقات کی پارٹی بنائی جس نے عوامی شعو اجاگر کیار اور اپنے بنیادی حقوق کی جدوجہد کے لئے انہیںتیار کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے جمہوریت و انسانی حقوق کے لیئے قید و بند کی صعوبتیں اور جانوں کی قربانیاں دیںلیکن وہ اپنے مشن سے کبھی پیچھے نہیں ہٹی اور آئندہ بھی وہ اپنے اسی راستے پر گامزن رہے گی۔انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو کو تختہ دار پر لٹکایا گیا اور شہید بی بی کو قتل کردیا گیا لیکن یہ چیزیں ہماری قیادت کو اپنے مقصد سے نہیں ہٹاسکیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ جدوجہد کے دوران پارٹی کے ہزاروں کارکنان نے بڑی بہادری سے جام شہادت نوش کیا جس پر پارٹی ہمیشہ فخر کرتی رہے گی۔