Live Updates

بی آرٹی منصوبہ عوام کیلئے پریشانی کاسبب بن گیاہے،ثمربلور

بی آر ٹی منصوبہ پر 24 گھنٹے اور تین شفٹو ں میں تعمیراتی کام کرنے کا حکومتی دعویٰ فریب پر مبنی ہے

ہفتہ 24 نومبر 2018 22:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کی رکن صوبائی اسمبلی ثمر ہارون بلورنے بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبہ کو پشاور کے عوام کے لئے شدید ذہنی اذیت اور پریشانی کا باعث قرار دیا ہے اورکہا ہے کہ بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے میں ٹھیکیدار نے 4 ارب روپے کمیشن کیلئے چمکنی سے حیات آباد تک سارے شہر کو کھود ڈالا ہے اور تعمیراتی عمل میں سست روی کی وجہ سے پشاور کے شہری گزشتہ ایک سال سے ذہنی کرب اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

ایک بیان میں ثمر بلور نے کہا کہ بی آر ٹی منصوبہ پشاور کے عوام کے ساتھ احسان فراموشی، دھوکہ اور ظلم و زیادتی اور انہیں زندگی بھرسزا دینے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی منصوبہ پر 24 گھنٹے اور تین شفٹو ں میں تعمیراتی کام کرنے کا حکومتی دعویٰ سراسر جھوٹ اور فریب پر مبنی ہے اور ایک سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود تاحال کھدائی کا عمل مکمل نہیں کیا جا سکا، جس کی بنیادی وجہ بی آر ٹی کا ٹھیکہ بلیک لسٹڈ کمپنی کو دینا ہے، انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے پشاور میٹرو کو صرف کرپشن اور کمیشن کی بنیاد پر شروع کیا، انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کی بے حسی کا یہ عالم ہے کہ بے ہنگم ٹریفک کی وجہ سے ذہنی اذیت میں مبتلا عوام کی تکالیف کا کوئی نوٹس نہیں لیا جا رہا اور تعمیراتی عمل کو جان بوجھ کر سست روی کا شکار بنادیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ثمر بلور نے کہا کہ بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے میں ٹھیکیدار نے 4 ارب روپے کمیشن کیلئے چمکنی سے حیات آباد تک سارے شہر کو کھود ڈالا ہے،انہوں نے کہا کہ پشاور بی آر ٹی تحریک انصاف کی جانب سے کرپشن کا سونامی ہے،اور اب اس کا تخمینہ71ارب سے بھی تجاوز کر گیا ہے جبکہ مدت تکمیل کے کوئی آثار دکھائی نہیں دے رہے، انہوں نے جولائی میں پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے پشاور میٹرو کے حوالے سے فیصلے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ کرپشن ثابت ہو چکی ہے تاہم حیرت ہے کہ نیب اس حوالے سے بھی سست روی کا شکار ہے اور کرپشن کرنے والی بڑی مچھلیوں پر ہاتھ ڈالنے سے کترا رہا ہے۔

ثمر بلور نے کہا کہ پشاور میٹرو میں ہونے والے گھپلوں اور عجب کرپشن کی غصب کہانی پر نیب اور دیگر احتسابی اداروں کو حرکت میں آنا چاہئے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات