حلقہ این اے 3کے ہر گھر کو سوئی گیس اور بجلی فراہمی کیلئے پر عزم ہیں ، سلیم الرحمن

اتوار 25 نومبر 2018 18:00

ملاکنڈ۔25 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2018ء) حلقہ این اے 3 سوات سے ممبرقومی اسمبلی سلیم الرحمن نے کہا ہے کہ این اے 3کے گھرگھر سوئی گیس کی فراہمی اولین ترجیح ہے ، اپنا فنڈ گیس اوربجلی کے منصوبوں کیلئے مختص کیاہے عوام الناس کے لئے ہمارے دروازے کھلے ہیں اورہرکوئی بلاجھجک آکر اپنا مسئلہ بیان کرسکتے ہیں ، عوامی لوگ ہیں اورخود کو عوامی خدمت کیلئے وقف کررکھاہے، انشاء اللہ عوامی نمائندگی کا حق اداکریں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ میں حلقہ نیابت کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے وفود سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔سلیم الرحمن نے کہا کہ حلقہ نیابت کے ہرگھرکو سوئی گیس اوربجلی فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں اوراس مقصد کیلئے ہم نے اپنا پورا فنڈ مختص کیاہے، کوئی بھی گھر گیس کی سہولت سے محروم نہیں رہے گا اور سوئی گیس کے حوالے سے جوبھی مسئلہ ہو، عوام آکربیان کرسکتے ہیں،متعلقہ حکام کے ذریعے عوام کو درپیش مسئلہ حل کریں گے۔