ہاکی ورلڈ کپ ر واں سال 28 نومبر سے 16 دسمبر تک کالنگا اسٹیڈیم بھونیشور بھارت میں ہوگا

اتوار 25 نومبر 2018 21:00

لاہور ۔25 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2018ء) ہاکی ورلڈ کپ ر واں سال 28 نومبر سے 16 دسمبر تک کالنگا اسٹیڈیم بھونیشور بھارت میں ہوگا جس میں شرکت کیلئے پاکستان کی ہاکی ٹیم واہگہ بارڈر کے راستے بھارت پہنچ چکی ہے جہاں پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا ۔ہاکی کے عالمی ایونٹ میں قومی ٹیم کی قیادت رضوان سینئر کر رہے ہیں، جبکہ نائب کپتانی کے فرائض عماد شکیل بٹ ادا کر رہے ہیں۔

18 رکنی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں عمران بٹ (گول کیپر)، مظہر عباس (گول کیپر)، عرفان سینئر، علیم بلال، مبشر علی، توصیف ارشد، تصور عباس، راشد محمود بھٹی، اعجاز احمد، محمد عرفان جونیئر، علی شاہ، فیصل قادر، ابوبکر، عمر، ایم عتیق اسد اور محمد زبیر شامل ہیں۔ایونٹ میں 16 ٹیمیں شرکت کریں گی جنھیں 4 پولز میں تقسیم کیا گیا ہے، پول اے میں ریو اولمپکس 2016 کی چیمپئن اور ورلڈ نمبر 2 ارجنٹائن، نمبر 9 نیوزی لینڈ، نمبر 8 اسپین اور نمبر 18فرانس کی ٹیمیں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پول بی میں عالمی نمبر ون آسٹریلیا، نمبر 7 انگلینڈ، نمبر 10آئرلینڈ اور نمبر 17چین، پول سی میں ورلڈ نمبر 3 بیلجیم کے ساتھ نمبر 6 بھارت، نمبر 11 کینیڈا اور نمبر 15جنوبی افریقہ کو رکھا گیا ہے جبکہ پول ڈی میں عالمی نمبر 4 نیدرلینڈ کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود دو مرتبہ کی ورلڈ چیمپئن جرمنی، نمبر 12ملائیشیا اور ایف آئی ایچ رینکنگ میں 13 ویں نمبر پر موجود ریکارڈ 4 عالمی ٹائٹلز کی فاتح پاکستان کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔

ورلڈ کپ میں پول مرحلے میں 28 سے 9 نومبر تک ہر روز دو میچز کھیلے جائیں گے۔ایونٹ کے افتتاحی روز پول سی میں شین میکلوڈ کی قیادت میں بیلجیم اور کینیڈا کے مابین ہوگا، دوسرے میچ میں میزبان بھارت کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے شیڈول ہے۔ گرین شرٹس کا پہلا مقابلہ یکم دسمبر کو جرمنی سے ہوگا، 5 دسمبر کو ملائیشیا سے جوڑ پڑے گا جبکہ 9 دسمبر کو قومی ٹیم نیدر لینڈز کے خلاف میدان میں اترے گی۔

2 دسمبر کو بھارت اور بیلجیم کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، انگلینڈ اور آسٹریلیا 4 دسمبر کو آمنے سامنے ہوں گی۔ہر پول میں ٹاپ پوزیشن پر آنے والی ٹیمیں کوارٹر فائنل میں یقینی رسائی حاصل کرلیں گی جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ٹیموں کو 10 اور 11 دسمبر کو ایک ایک میچ مزید کھیلنا ہوگا۔کوارٹر فائنلز 12 اور 13 دسمبر کو کھیلے جائیں گے، 14 دسمبر کو آرام کا دن ہوگا جبکہ 15 دسمبر کو سیمی فائنلز شیڈول ہیں، فیصلہ کن معرکہ 16 دسمبر کو ہوگا جبکہ اسی روز سیمی فائنلز میں ہارنے والی ٹیموں کے مابین برانز میڈل کیلئے میچ بھی ہوگا۔

میگا ایونٹ رواں سال 28 نومبر سے 16 دسمبر تک کالنگا اسٹیڈیم بھونیشور میں ہوگا،، ورلڈ کپ میں میزبان بھارت کے علاوہ گزشتہ سال لندن اور جوہانسبرگ میں کھیلے گئے ہاکی ورلڈ لیگ سیمی فائنلز کے ذریعے کوالیفائی کرنے والی اور براعظمی چیمپئنز ٹیمیں شامل ہیں۔قومی ٹیم کے کپتان رضوان سینئر نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں نے سخت محنت کرکے ایونٹ کے لیے اچھی تیاری کی ہے تاہم کوشش ہوگی کہ فتح ہمارا مقدر بنے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ قومی ٹیم نے ایشین گیمز میں اچھے کھیل کا مظاہرہ نہیں کیا لیکن کھلاڑیوں نے عالمی کپ جیتنے کے لیے سخت محنت کی ہے۔اس موقع پر قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ توقیر ڈار اور ٹیم مینجر حسن سردار نے بھی ٹیم کی اچھی کارکردگی کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کا کا انتخاب ایمانداری سے کیا گیا ہے، تاہم امید ہے کہ کھلاڑی اس ایونٹ میں قومی کو سرپرائز دیں گے۔قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور منیجر نے ہاکی ٹیم کی کامیابی کے لیے قوم سے دعاؤں کی اپیل بھی کی ہے۔