ملک کے خلاف پراپیگنڈہ کرنے والے 2023 سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا سُراغ لگا لیا گیا

متعدد سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بیرون ملک سے آپریٹ کیے جانے کا انکشاف

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 26 نومبر 2018 11:03

ملک کے خلاف پراپیگنڈہ کرنے والے 2023 سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا سُراغ لگا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 نومبر 2018ء) : ملک کے خلاف پراپیگنڈہ کرنے میں ملوث 2023 سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا سُراغ لگا لیا گیا ہے اور ان اکاؤنٹس کو چلانے والوں کے حوالے سے کام شروع کر دیا گیا ہے ۔ ان سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے ملک کے اہم اداروں ، اہم سیاسی و مذہبی شخصیات کے خلاف اور مختلف گروپوں کی طرف سے نفرت انگیز تقاریر کو نشر کیا جا رہا ہے ۔

ان سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی وجہ سے نہ صرف ملک کی بدنامی ہو رہی ہے بلکہ پاکستان کے اندر افراتفری ، صوبائی عصبیت اور مذہبی فسادات بھی پھیل رہے ہیں۔ ان میں سے کئی اکاؤنٹس کو بیرون ملک سے آپریٹ کیے جانے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کے اہم اداروں نے ان سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے حوالے سے نہ صرف تمام معلومات اکٹھی کر لی ہیں بلکہ یہ ثبوت بھی حاصل کر لئے کہ ان میں کتنے ایسے اکاؤنٹس ہیں جن کو بھارت، افغانستان، لندن، اسرائیل، سائوتھ افریقہ اور امریکہ سے آپریٹ کیا جاتا ہے جبکہ 240 ایسے اکاؤنٹس کے حوالے سے بھی معلومات اکٹھی کی گئی ہیں کہ جن کے ذریعے مذہبی فسادات برپا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور ملک کے تین بڑے شہروں سے ان سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو آپریٹ کیا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اس حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جا چکا ہے کہ کسی بھی صورت میں سوشل میڈیا پر پاکستان اور قومی اداروں کے خلاف پراپیگنڈہ کرنے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق کہ 12 کالعدم تنظیمیں بھی 300 سے زائد سوشل میڈیا اکاؤنٹس چلا رہی ہیں اور ان اکاؤنٹس کو مختلف ناموں سے چلایا جا رہا ہے جن میں کئی فرضی نام بھی شامل ہیں۔ اس حوالے سے 22 ایسے افراد کے نام بھی سامنے آئے ہیں جن کا بڑے صحافتی اداروں سے تعلق ہے لیکن سوشل میڈیا پر ان کی کئی پوسٹیں ملک اور ریاستی اداروں کے خلاف ہیں۔