Live Updates

دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ میں اب تک 7.97 ارب کے عطیات جمع

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 26 نومبر 2018 14:06

دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ میں اب تک 7.97 ارب کے عطیات جمع
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 نومبر 2018ء) : وزیراعظم اور چیف جسٹس دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈز میں اب تک پاکستان اور اوورسیز پاکستانیوں کی مدد سے 7.97 ارب روپے کے عطیات جمع ہو چکے ہیں۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ڈیم فنڈز میں اب تک پاکستانیوں نے 7.09 ارب روپے جبکہ اوورسیز پاکستانیوں نے 880.23 ملین روپے کے عطیات دیے۔

امریکہ میں مقیم پاکستانی اس حوالے سے سرفہرست رہے جنہوں نے 334.735 ملین روپے کے عطیات جمع کروائے ، برطانیہ دوسرے نمبر پر ہے جہاں مقیم پاکستانیوں نے 180.317 ملین روپے کے عطیات دیے ہیں، 120 ملین روپے سیلولر کمپنیوں کی ایس ایم ایس سروس سے حاصل ہوئے ۔ حکومت پنجاب کے ملازمین 1.09 ارب روپے کے ساتھ سرفہرست ، پاک فوج 582.071 ملین روپے کے ساتھ دوسرے نمبر پر ، ہیڈ کوارٹر سی ڈبلیو او ایس پی ڈی 201.093 ملین روپے کے ساتھ تیسرے نمبر پر ، بحریہ ٹاؤن 110.12 ملین روپے کے ساتھ چوتھے نمبر پر جبکہ پاک فضائیہ 100.28 ملین روپے کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے ۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار ڈیمز کی تعمیر کے لیے فنڈ ریزنگ کی غرض سے ان دنوں لندن میں موجود ہیں۔ لندن میں فنڈ ریزنگ کی تقریب کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے بھی ڈیم فنڈ میں مزید ایک ہزار پاؤنڈز دینے کا اعلان کیا۔ واضح رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار اس سے پہلے بھی ڈیمز فنڈ میں اپنی جیب سے 20 لاکھ روپے عطیہ کر چکے ہیں۔

یاد رہے کہ ملک بھر میں پانی کی قلت کو پورا کرنے کے لیے ڈیمز فنڈ قائم کیا گیا جس میں پاکستانیوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، یہی نہیں بلکہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں سے ڈیم فنڈ میں حصہ ڈالنے کی اپیل کے بعد یہ سلسلہ مزید تیز ہو گیا ۔ دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے قائم کئے جانے والے وزیراعظم چیف جسٹس ڈیم فنڈ میں عطیات جمع کروانے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے فنڈز جمع کرنے کے لیے بنک اکاؤنٹس مخصوص کیے گئے ہیں جس میں عطیے کی رقم جمع کروائی جا سکتی ہے۔اس بنک اکاؤنٹ کا ٹائٹل دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ 2018ء (''DIAMER-BHASHA AND MOHMAND DAM FUND –2018'') رکھا گیا ہے اور اکاؤنٹ نمبر 4-001-299999-593-03 ہے جبکہ آئی بی این نمبر PK06SBPP0035932999990014 ہے۔ جہاں ڈیمز کی تعمیر کے لیے عطیہ جمع کروایا جا سکتا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات