گلگت بلتستان میں ’’ستپارہ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ‘‘ سے آبی وسائل کی قلت کے نقصانات میں 60 فیصد کمی واقع، 8 ہزار سے زائد کاشتکاروں کی آمدن بڑھانے میں مدد ملی

منگل 27 نومبر 2018 11:10

گلگت بلتستان میں ’’ستپارہ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ‘‘ سے آبی وسائل کی قلت ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 نومبر2018ء) گلگت بلتستان میں امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کی مالی معاونت سے مکمل کئے گئے ’’ستپارہ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ‘‘ سے پانی کی قلت کے مسئلہ پر قابو پانے سے علاقہ میں آبی وسائل کی قلت کی وجہ سے ہونے والے نقصان میں 60 فیصد کمی واقع ہوئی ہے، منصوبہ کی تکمیل سے علاقہ کے 8 ہزار سے زائد کاشتکاروں کی آمدن بڑھانے میں مدد ملی ہے اور اس کے علاوہ زرعی پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا۔

یو ایس ایڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ منصوبہ یوایس ایڈ کی مالی معاونت جبکہ آغاز خان فائونڈیشن اور آغا خان رورل سپورٹ پروگرام کے تحت اشتراک سے مکمل کیا گیا ہے۔ منصوبہ سے علاقہ میں زرعی مقاصد کے لئے آبپاشی کے پانی کی دستیابی کو یقینی بنانے میں مدد ملی ہے اور اس کی تکمیل سے علاقہ میں 1200 نئے کاروبار قائم کرنے کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان میں 4 ہزار سے زائد روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

(جاری ہے)

گلگت بلتستان میں آبپاشی کے پانی کی دستیابی سے علاقہ میں پیدا کی جانے والی زرعی مصنوعات کو لاہور ار اسلام آباد جیسی بڑی مارکیٹوں تک رسائی حاصل ہوگی جس سے علاقہ کے وسائل، آمدنی کے فروغ اور غربت کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔ ستپارہ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ گلگت بلتستان کی ترقی و خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کرے گا اور اس سے علاقہ کی معیشت پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔