انٹرنیشنل سکوائش فیڈریشن پشاور میں بین الاقوامی مقابلوں کی بحالی کیلئے آئندہ ماہ سکیورٹی ٹیم بھجوائے گی،قمر زمان

منگل 27 نومبر 2018 17:32

انٹرنیشنل سکوائش فیڈریشن پشاور میں بین الاقوامی مقابلوں کی بحالی کیلئے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 نومبر2018ء) انٹرنیشنل سکوائش فیڈریشن پشاور میں بین الاقوامی مقابلوں کی بحالی کیلئے آئندہ ماہ دسمبر میں سکیورٹی ٹیم بھجوائے گی۔ فیڈریشن جونیئر کھلاڑیوںکو جس طرح تیار کررہی ہے توقع ہے کہ بہت جلد وہ عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ منگل کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان سکوائش فیڈریشن کے نائب صدر قمر زمان نے کہاکہ پاکستان سکوائش فیڈریشن اور انہوں نے انٹرنیشنل سکوائش فیڈریشن کو پشاور میں بین الاقوامی مقابلوں کی بحالی کیلئے مراسلہ بھجوایا تھا جس کے جواب میں انٹرنیشنل سکوائش فیڈریشن آئندہ ماہ دسمبر میں سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اپنا وفد بھیجے گی۔

سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد بہت جلد پشاور میں بین الاقوامی مقابلے بحال ہو جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وزیرا علیٰ کے پی کے محمود خان اور ڈی جی سپورٹس جنید خان نے پشاور میں بین الاقوامی سکوائش مقابلے کرانے پر بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں کئی سالوں بعد 50 ہزار ڈالر کا ایونٹ پاکستان اوپن مینز انٹرنیشنل سکوائش ٹورنامنٹ کاانعقاد (آج) بدھ سے ہو رہا ہے جو کہ کراچی کیلئے ایک احسن اقدام ہے۔

کراچی سپورٹس سٹی کے حوالے مشہور ہے۔ پہلے سکیورٹی کی وجہ سے سپانسرز بھاگتے تھے لیکن اب سکیورٹی صورتحال کی بہتری کی وجہ سے سپانسرز ملنا شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قومی کھلاڑیوں کو سخت محنت کی ضرورت ہے۔ پاکستان اوپن سے قومی کھلاڑیوں کی عالمی ریکنگ میں بہتری آئے گی۔ قمر زمان نے کہاکہ فیڈریشن جس طرح جونیئر کھلاڑیوں کو تیار کررہی ہے مستقبل قریب میں وہی جونیئر کھلاڑی پاکستان کے سینئر کھلاڑیوں کی جگہ لے کر قومی اثاثہ ثابت ہوں گے اور وہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں سکوائش کی بہتری کیلئے پاکستان سکوائش فیڈریشن کے صدر چیف آف ایئرسٹاف ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان اور ایئر مارشل شاہد علوی کا بھرپور کرادار ہے۔