Live Updates

بڑا سیاسی اپ سیٹ، ن لیگ سے قومی اسمبلی جیتی ہوئی نشست چھن گئی

سرگودھا کی نشست این اے 91 کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے دوران تحریک انصاف کے امیدوار کو برتری حاصل ہوگئی

muhammad ali محمد علی منگل 27 نومبر 2018 18:38

بڑا سیاسی اپ سیٹ، ن لیگ سے قومی اسمبلی جیتی ہوئی نشست چھن گئی
سرگودھا (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 نومبر 2018ء) بڑا سیاسی اپ سیٹ، ن لیگ سے قومی اسمبلی جیتی ہوئی نشست چھن گئی، سرگودھا کی نشست این اے 91 کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے دوران تحریک انصاف کے امیدوار کو برتری حاصل ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق پارلیمانی سیاست میں مسلم لیگ ن کو زبردست دھچکا پہنچا ہے۔ مسلم لیگ ن سے قومی اسمبلی کی اہم نشست چھننے کا واضح امکان ہے۔

سرگودھا کے حلقہ این اے 91 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں تحریک انصاف کے امیدوار چودھری عامر سلطان چیمہ کو مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی ذوالفقار علی بھٹی پر برتری حاصل ہو گئی ہے۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق 2018 کے عام انتخابات میں این اے 91 سرگودھا سے مسلم لیگ ن کے ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی نے کانٹے دار مقابلے کے بعد محض چند ووٹوں سے تحریک انصاف کے امیدوار کیخلاف فتح حاصل کی تھی۔

(جاری ہے)

 محض چند ووٹوں سے شکست کھا جانے کے بعد تحریک انصاف کے امیدوار چودھری عامر سلطان چیمہ نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ بعد ازاں سپریم کورٹ کے حکم پر ریٹرننگ افسر نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی شروع کی۔ اب گزشتہ روز تک 295 پولنگ سٹیشنوں کے ووٹوں کی گنتی کے دوران عامر سلطان چیمہ کو برتری حاصل ہو چکی ہے۔ یہاں یہ بات بھی یاد رہے کہ دوبارہ گنتی کے دوران پولنگ بیگز کی سیلیں ٹوٹی ہونے پر گنتی روک کر ریٹرننگ آفیسر نے الیکشن کمیشن کو معاملے کی تحقیقات کرانے کاخط لکھا تھا جس کے جواب میں الیکشن کمیشن نے گنتی کا عمل مکمل کر کے اس کے ساتھ مفصل رپورٹ بھجوانے کی ہدایت کی تھی۔

 یہ بھی یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کے ذوالفقار علی بھٹی 87 ووٹوں کی برتری سے ایم این اے منتخب ہوئے تھے، تاہم اب بظاہر ان کے ہاتھ سے یہ نشست نکل چکی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات