دین پر عمل کرکے منشیات کے مضر اثرات سے بچا جا سکتا ہے،ممنون حسین

منشیات ،دہشت گردی سے بڑی برائی ہے ۔سعید اللہ والا والدین اپنی اولاد کی تربیت لازماً کریں،ظفر اقبال

منگل 27 نومبر 2018 19:14

دین پر عمل کرکے منشیات کے مضر اثرات سے بچا جا سکتا ہے،ممنون حسین
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2018ء) دین اسلام پر عمل کرکے منشیات کے مضر اثرات سے بچا جا سکتا ہے ۔ تربیت اولاد کے ضمن میں والدین اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرنے میں کوتاہی کے مرتکب ہو رہے ہیں ۔ اغیار کی اندھی تقلید ترک کرکے ہمیں اپنے بچوں کو اپنی اقدار کا عادی بنا نا ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار سابق صدر پاکستان ممنون حسین نے گذشتہ روز سوسائٹی فار پریونشن آف وے وارڈنیس(بزم کرن) کے زیر اہتمام "نوجوانوں کا منشیات سے تحفظ "کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سیمینار کی صدارت معروف صنعتکار ATCOلیبارٹریز کے چیف ایگزیکٹیو سعید اللہ والا نے کی ۔ اس موقع پر بزم کرن کے صدر ظفر اقبال ، سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس (ر) انور ظہیر جمالی ،جسٹس (ر)غلام ربانی، جسٹس(ر)ضیاء پرویز،ایس ایم منیر ،مفتی نذیر احمد ،پروفیسر ڈاکٹر نادیہ اطہر ،مولانا سعد احمد، کرنل اطہر علی خان ،ارشد انیس و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

صدر نشین سعید اللہ والا نے کہا کہ منشیات اپنی تباہ کاری کے اعتبار سے دہشت گردی سے بھی بڑی برائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزم کرن اور اس کے سرابرہ ظفر اقبال قابل مبارکباد ہیں۔ ان کا کام گھپ اندھیرے میں روشنی کی کرن کے مانند ہے جو معاشرے میں پھیلی بے راہ روی سے نسل نو کو محفوظ رکھنے کی سعی وجہد میں مصروف عمل ہے ۔ صدر بزم کرن ظفر اقبال نے کہا کہ ہم اپنے بچوں کو تعلیم کی اعلیٰ ترین سہولتیں فراہم کر رہے ہیں لیکن تربیت کے معاملے میں غافل ہیں ،جانوروں کو تربیت دے کر انسانوں کی خد مت لی جا سکتی ہے تو انسانوں سے ایسا کیوں ممکن نہیں،حج و عمرہ کے لئے پاکستان سے زائرین کی بڑی تعداد جاتی ہے لیکن ان عبادات کی برکات سے کردار کی جو تبدیلی نظر آنی چاہیے وہ ناپید ہے۔

بدقسمتی سے دنیا میں ہمارے ملک کا بد عنوانوں میں168واں نمبر ہے ۔ظفر اقبال نے کہا کہ ہمارے یہاں عاشقان رسولﷺ جلوسوں میں جابجا شریک دکھائی دیتے ہیں لیکن یہ کیسا عشق ہے کہ مساجد مقتدیوں سے خالی رہتی ہیں ۔صدر بزم کرن نے کہا کہ منشیات کا زہر ہمارے معاشرے میں بری طرح سرایت کر گیا ہے اور اس کے تدارک کے لیے سب کو ملکر اجتماعی جدو جہد کرنی ہوگی۔

جسٹس (ر) انور ظہیر جمالی نے کہا کہ پاکستان میں بہت بڑی تعداد میں لوگ منشیات سے متاثر ہیں۔ اپنی نسلوں کو نشے کی تبا ہ کاریوں سے محفوظ رکھنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ جسٹس (ر) غلام ربانی نے کہا کہ منشیات کا زہر معاشرے کو تباہی سے دو چار کر رہا ہے ۔ ذہن و جسم مفلوج ہوں تو ترقی و خوشحالی کا سوچا بھی نہیں جا سکتا ۔ جسٹس(ر) ضیاء پرویز نے کہا کہ منشیات سوسائٹی کا ایک ناسور ہے جو مسلسل رس رہا ہے اس سے نجات کیلئے مشترکہ جدو جہد ضروری ہے۔

ایس ایم منیر نے کہا کہ پاکستان کی اکانومی اچھی حالت میں نہیں ہے مگر خوش آئند بات یہ ہے کہ ملک میں ایک ایماندار و دیانتدار قیادت برسر اقتدار آگئی ہے ،توقع ہے کہ ہم جلد اپنی سمت درست کرکے ترقی کا سفر آغاز کریں گے۔مفتی نذیر احمد نے کہا کہ ہر قسم کا نشہ فرمان نبویﷺ کے مطابق مسلمانوں کے لئے حرام ہے ۔قاتل،ڈکیت اور کرپٹ لوگوں کی طرح جو نفرت و حوصلہ شکنی مسلم معاشرے میں اشیائے نشہ سے ہونی چاہیے وہ بالکل نظر نہیں آتی اور دین سے دوری اس کی بنیاد ہے ۔

پروفیسر ڈاکٹر نادیہ اطہر نے کہا کہ اقوام متحدہ کے اعدادو شمار کے مطابق پاکستان میں نشے کے عادی لوگوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپنے بچوں کو نشے کی لت سے بچانے کیلئے والدین کو ذمہ داری ادا کرنی چاہیے ۔مولانا سعد احمد نے قرآنی آیات کی مثالوں کے ذریعے منشیات سے بچنے پر زور دیا ہے ۔بزم کرن کے جنرل سیکریٹری کرنل اطہر علی خان نے بتایا کہ بزم کا قیام 2007میں عمل میں آیا تھا ۔

سوسائٹی نے مختلف تعلیمی اداروں میں سیمینار ترتیب دیکر آگہی پروگرامز کیئے۔ اس کے علاوہ متعد د پراجیکٹس پر بھی کام ہو رہا ہے اس کے اخراجات بزم اپنے رفقائے کار کی معاونت سے پورے کر تی ہے۔ بچوں کی جیل میں بزم کرن قیدی بچوںکو کارپینٹری اور پلمبنگ کے ہنر سکھانے کے ساتھ ساتھ ڈینٹل ٹریٹمنٹ کی سہولت بھی بہم پہنچا رہی ہے جبکہ لائنز ایریا میں اسٹریٹ چلڈرنز کی مدد کے لئے سوسائٹی نے ایک اسکول قائم کیا ہے جہاں نو نہالان کو مفت تعلیم ،کتب، بستے، یونیفارم وغیرہ فراہم کرکے نہ صرف زیور علم سے آراستہ کیا جاتا ہے بلکہ انہیںروزانہ کی بنیاد پر کچھ رقم بھی دی جاتی ہے تاکہ وہ معاشی مجبوریوں سے بے نیاز ہو کر تعلیم پر توجہ مرکوز کریں ۔

کرنل اطہر علی خان نے بزم کی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے لئے عطیات فراہم کرنے والی شخصیات و اداروں کا شکریہ ادا کیا ۔ نائب صدر بزم کرن ارشد انیس نے خوش اسلوبی کے ساتھ نظامت کے فرائض نبھائے۔