Live Updates

کرپشن میں ملوث افراد کیلئے سزائے موت کا بل پارلیمنٹ میں لانے کا فیصلہ

حیران کن طور پر حکومت کی بجائے جے یو آئی نے ملک میں کرپشن کرنے والے افراد کو سزائے موت دینے کا مجوزہ بل تیار کر لیا جو قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا

muhammad ali محمد علی منگل 27 نومبر 2018 21:46

کرپشن میں ملوث افراد کیلئے سزائے موت کا بل پارلیمنٹ میں لانے کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 نومبر2018ء) کرپشن میں ملوث افراد کیلئے سزائے موت کا بل پارلیمنٹ میں لانے کا فیصلہ، حیران کن طور پر حکومت کی بجائے جے یو آئی نے ملک میں کرپشن کرنے والے افراد کو سزائے موت دینے کا مجوزہ بل تیار کر لیا جو قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں کرپشن کرنے والے افراد کو سزائے موت دینے کا مجوزہ بل تیار کر لیا گیا جو کہ قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

کرپشن پر سزائے موت کا مجوزہ بل جمعیت علماء اسلام کی رکن قومی اسمبلی عالیہ کامران نے تیار کیا ہے۔ بل میں کرپشن کی کم سے کم سزا بھی 7سال قید سے بڑھا کر 14 سال کرنے اور نیب قوانین 1999 اور انسداد کرپشن ایکٹ 1947 میں ترمیم تجویز کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

مجوزہ بل میں کہا گیا ہے کہ کرپشن پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے اس لیے بدعنوانی کی روک تھام کے لیے سزا سخت کی جائے۔

بل قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں پیش کر دیا جائے گا۔ امید کی جا رہی تھی کہ کرپشن کے خاتمے سے متعلق قانون سازی کیلئے حکمراں جماعت تحریک انصاف پہل کرے گی، تاہم اس معاملے میں بازی اپوزیشن کی جماعت جمیعت علماء اسلام لے گئی ہے۔ دوسری جانب عوام نے بھی اس حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یقینی طور پر پاکستان کو تباہ کرنے والے کرپشن کے ناسور کو قابو میں کرنے کیلئے اب سخت اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ اگر چین کی طرز پر پاکستان میں کرپشن کرنے پر پھانسی کی سزا دی جاتی ہے تو یہ ایک مثبت اقدام ہوگا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات