Live Updates

چیف جسٹس آف پاکستان کا دورہ برطانیہ کامیاب

ڈیم فنڈ میں لگ بھگ ایک ارب روپے جمع ہو گئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 28 نومبر 2018 11:22

چیف جسٹس آف پاکستان کا دورہ برطانیہ کامیاب
لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 نومبر 2018ء) : چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ڈیم فنڈ اکٹھا کرنے کے لیے لندن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کئی تقاریب میں شرکت کی اور اوورسیز پاکستانیوں سے ڈیم فنڈ میں عطیہ دینے کی اپیل کی۔ بظاہر چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کا دورہ برطانیہ کامیاب رہا کیونکہ جسٹس ثاقب نثار کے دورہ برطانیہ میں دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز کی فنڈ ریزنگ کی تقریبات کے دوران فنڈ میں تقریباً ایک ارب روپے کے لگ بھگ رقم جمع کر لی گئی۔

لندن ، مانچسٹر اور برمنگھم میں تقریبات کے دوران چیف جسٹس کی اپیل پر متمول پاکستانیوں نے کھُلے دل سے حصہ ڈالا ۔ ان عشائیوں میں شرکت کے لیے گنجائش سے کہیں زیادہ افراد کی درخواستیں آئیں اور کئی مقامات پر ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لیے سکیورٹی کو بھی بُلانا پڑا۔

(جاری ہے)

ان تقریبات کے لیے فی ٹیبل 1500 اور 1000 پاؤنڈ تک کی ٹکٹ رکھی گئی تھی اور لوگوں نے کسی جماعتی یا سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر ان تقریبات میں شرکت کی۔

مانچسٹر کی تقریب میں 23 لاکھ پاؤنڈ جمع ہوئے جبکہ عمران خان کے دوست انیل مسرت نے ڈیم فنڈ میں 8 لاکھ پاؤنڈ کا عطیہ دیا۔ لندن کی تقریب میں پاکستانی نژاد کاروباری شخصیت سرانور پرویز نے ڈیم فنڈ میں 100 ملین روپے کا عطیہ دیا۔ دوسری جانب دو روز قبل اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ڈیم فنڈز میں اب تک پاکستانیوں نے 7.09 ارب روپے جبکہ اوورسیز پاکستانیوں نے 880.23 ملین روپے کے عطیات دیے۔

امریکہ میں مقیم پاکستانی اس حوالے سے سرفہرست رہے جنہوں نے 334.735 ملین روپے کے عطیات جمع کروائے ، برطانیہ دوسرے نمبر پر ہے جہاں مقیم پاکستانیوں نے 180.317 ملین روپے کے عطیات دیے ہیں، 120 ملین روپے سیلولر کمپنیوں کی ایس ایم ایس سروس سے حاصل ہوئے ۔ حکومت پنجاب کے ملازمین 1.09 ارب روپے کے ساتھ سرفہرست ، پاک فوج 582.071 ملین روپے کے ساتھ دوسرے نمبر پر ، ہیڈ کوارٹر سی ڈبلیو او ایس پی ڈی 201.093 ملین روپے کے ساتھ تیسرے نمبر پر ، بحریہ ٹاؤن 110.12 ملین روپے کے ساتھ چوتھے نمبر پر جبکہ پاک فضائیہ 100.28 ملین روپے کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے ۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار ڈیمز کی تعمیر کے لیے فنڈ ریزنگ کی غرض سے لندن بھی گئے۔ لندن میں فنڈ ریزنگ کی تقریب کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے بھی ڈیم فنڈ میں مزید ایک ہزار پاؤنڈز دینے کا اعلان کیا۔ واضح رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار اس سے پہلے بھی ڈیمز فنڈ میں اپنی جیب سے 20 لاکھ روپے عطیہ کر چکے ہیں۔

یاد رہے کہ ملک بھر میں پانی کی قلت کو پورا کرنے کے لیے ڈیمز فنڈ قائم کیا گیا جس میں پاکستانیوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، یہی نہیں بلکہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں سے ڈیم فنڈ میں حصہ ڈالنے کی اپیل کے بعد یہ سلسلہ مزید تیز ہو گیا ۔ دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے قائم کئے جانے والے وزیراعظم چیف جسٹس ڈیم فنڈ میں عطیات جمع کروانے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے فنڈز جمع کرنے کے لیے بنک اکاؤنٹس مخصوص کیے گئے ہیں جس میں عطیے کی رقم جمع کروائی جا سکتی ہے۔اس بنک اکاؤنٹ کا ٹائٹل دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ 2018ء (''DIAMER-BHASHA AND MOHMAND DAM FUND –2018'') رکھا گیا ہے اور اکاؤنٹ نمبر 4-001-299999-593-03 ہے جبکہ آئی بی این نمبر PK06SBPP0035932999990014 ہے۔ جہاں ڈیمز کی تعمیر کے لیے عطیہ جمع کروایا جا سکتا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات