لندن میں اسحاق ڈار کی ویڈیو بنانے والا شخص کون تھا؟

اسحاق ڈار کی ویڈیو بنانے والا شخص رپورٹر تھا جسے سابق وزیر خزانہ کی ویڈیو بنانے سے اگلے روز ہی نوکری سے نکال دیا گیا تھا،ویڈیو میں اسحاق ڈار کو صحت مند دیکھا جا سکتا تھا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 28 نومبر 2018 11:53

لندن میں اسحاق ڈار کی ویڈیو بنانے والا شخص کون تھا؟
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔2ٌ8 نومبر 2018ء) موبائل فون میں ویڈیو بنا کراسحاق ڈار کو تندرست دکھانے والے رپورٹر کو نجی چینل سے فارغ کر دیا گیا تھا۔تفصیلات کے مطابق کچھ عرصہ قبل ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جو آتے ساتھ سوشل میڈیا پر چھا گئی تھی۔اس ویڈیو کی خاص بات یہ تھی کہ ا سمیں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو چلتے پھرتے اور صحت مند دیکھا جا سکتا تھا تاہم ان دنوں میں اسحاق ڈار کی جانب سے یہی موقف واپس آتا تھا کہ وہ پاکستان واپس آکر عدالتوں میں پیش نہیں ہو سکتے کیونکہ وہ بیمار ہیں اور ڈاکٹر نے انہیں سفر کرنے سے منع کیا ہے۔

تاہم اب ایک اہم انکشاف ہوا جس کے مطابق اسحاق ڈار کی ویڈیو بنانے والا شخص نجی ٹی وی چینل کے ساتھ منسلک تھا۔جب اس نے وہ ویڈیو اپنے چینل میں بھجوائی تو انہوں نے اس ویڈیو کو چلانے سے انکار کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

جس کے بعد مذکورہ رپورٹر نے وہ ویڈیو سوشل میڈیا پر اپلوڈ کر دی تھی تاہم اس سے اگلے دن ہی رپورٹر کو نوکری سے نکال دیا گیا تھا اور کہا گیا جو کام آپ نے کیا وہ ہماری پالیسی سے مطابقت نہیں رکھتا۔

خیال رہے پاکستان کے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار ایک لمبے عرصے سے علاج کی غرض سے لندن میں مقیم ہیں۔نیب نے اسحاق ڈار کرپشن کیسز میں طلب کر رکھا ہے۔ اسحاق ڈار اکتوبر 2017 سے لندن میں موجود ہیں اور جنہیں احتساب عدالت کرپشن ریفرنس میں مفرور قرار دے چکی ہے۔ بیماری کا عذر پیش کرکے پاکستانی عدالتوں میں پیش نہ ہونے والے سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی ایک نئی وڈیو سامنے آئی تھی۔جس میں وہ کیمرے سے بچنے کی ناکام کوشش کرتے ہیں۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نواز شریف میڈیا سے بات چیت میں مصروف ہیں اسی دوران کلینک سے اچانک اسحاق ڈار نمودار ہوتےہیں اور نظر سے بچ کر نکلنے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہ وہی کلینک ہے جس میں بیگم کلثوم نواز زیر علاج تھیں۔