Live Updates

پی ٹی آئی رہنما کا کرپشن پر سزائے موت کے بل کے حوالے سے دلچسپ تبصرہ

اگر یہ بل پاس ہو گیا تو پھر پھر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے تو سارے لوگوں کو سزائے موت ہو جائے گی اور قومی اسمبلی میں دو جماعتیں خالی ہو جائیں گی۔ صداقت علی عباسی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 28 نومبر 2018 12:28

پی ٹی آئی رہنما کا کرپشن پر سزائے موت کے بل کے حوالے سے دلچسپ تبصرہ
اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔28 نومبر 2018ء) ملک میں کرپشن کرنے والے افراد کو سزائے موت دینے کا مجوزہ بل تیار کر لیا گیا جو کہ قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔اسی متعلق گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما صداقت علی عباسی کا کہنا ہے کہ کرپشن کی سزا ئے موت کا بل اسمبلی میں پیش ہونے پر مجھے خوشی ہو گی۔لیکن پھر تو قومی اسمبلی سے دو پارٹیاں خالی ہو جائیں گی کیونکہ  مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی میں تو سب لوگوں کو ہی سزا دینی پڑے گی لیکن اس بات کا سیریس جواب یہ ہے کہ کرپشن ختم ہونی چاہئیے۔

کرپشن اس ملک کا سب بڑا مسئلہ ہے۔کرپشن پر سزائے موت ہو یا نہ ہو لیکن اس پر سخت سے سخت سزا ہونی چاہئیے۔اور ملک کا پیسہ لوٹنے والوں کو عبرت کا نشانہ بنانا چاہئیے۔

(جاری ہے)

ان لٹیروں سے سارے پیسے لے کر وہیں چھوڑ آنا چاہئیے جہاں سے انہوں نے کرپشن شروع کی۔خیال رہے کرپشن پر سزائے موت کا مجوزہ بل جمعیت علماء اسلام کی رکن قومی اسمبلی عالیہ کامران نے تیار کیا ہے۔

بل میں کرپشن کی کم سے کم سزا بھی 7سال قید سے بڑھا کر 14 سال کرنے اور نیب قوانین 1999 اور انسداد کرپشن ایکٹ 1947 میں ترمیم تجویز کی گئی ہے۔ مجوزہ بل میں کہا گیا ہے کہ کرپشن پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے اس لیے بدعنوانی کی روک تھام کے لیے سزا سخت کی جائے۔ بل قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں پیش کر دیا جائے گا۔ امید کی جا رہی تھی کہ کرپشن کے خاتمے سے متعلق قانون سازی کیلئے حکمراں جماعت تحریک انصاف پہل کرے گی، تاہم اس معاملے میں بازی اپوزیشن کی جماعت جمیعت علماء اسلام لے گئی ہے۔

دوسری جانب عوام نے بھی اس حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یقینی طور پر پاکستان کو تباہ کرنے والے کرپشن کے ناسور کو قابو میں کرنے کیلئے اب سخت اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ اگرچین کی طرز پر پاکستان میں کرپشن کرنے پر پھانسی کی سزا دی جاتی ہے تو یہ ایک مثبت اقدام ہوگا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات