وزیر بلدیات سندھ سعید غنی سے آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے وفد کی ملاقات

کراچی میں بک اسٹال اور سندھ میں اخبار مارکیٹ کے قیام سمیت دیگر پر وفد نے صوبائی وزیر کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا

بدھ 28 نومبر 2018 17:46

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی سے آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے وفد ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2018ء) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی سے بدھ کے روز ان کے دفتر میں آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے مرکزی سیکرٹری ٹکا خان کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں صدر فیڈریشن امیر احمد بلوچ، چیف پیٹرن حاجی محمد اقبال نون، نائب صدر پنجاب عقیل عباسی، نائب صدر کے پی کے عبدالرحمان، نائب صدر سندھ حاجی عبدالستار، صدر اخبار فروش زین اسلام چوہدری، محمد شریف، صدر حیدرآباد سید عامر افضال، شفیق محمدصدر یونین راولپنڈی ، مشتاق قریشی، ایوب مہر، عبدالحمید ڈاڈا سمیت دیگر شامل تھے۔

ملاقات میں سندھ بھر میں اخبار فروشان کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا اور خصوصاً کراچی میں بک اسٹال اور سندھ میں اخبار مارکیٹ کے قیام سمیت دیگر پر وفد نے صوبائی وزیر کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اس ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے، جس نے آمریت کے ادوار ہوں یا جمہوریت ہر دور میں صحافیوں اور اخبار فروش بھائیوں کے کندھے سے کندھا ملا کر کام کیا ہے۔

انہوںنے کہا کہ آج بھی صوبہ سندھ اور بالخصوصاً کراچی میں اخبار فروشوں کو جتنی سہولیات فراہم کی گئی ہیں اتنی کسی اور صوبے میں نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ حالیہ تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن میں کئی مقامات پر اخبار فروش کے اسٹال بھی اس کی زد میں آئیں ہیں اور ان تمام کو بحال کرنے کے لئے سندھ حکومت اپنا مکمل کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے سندھ میں اخبار مارکیٹ کے حوالے سے بھی وزیر اعلیٰ سندھ سے بات کریں گے اور اس کے قیام میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔