سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کی ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری سے ملاقات ، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

عوامی مسائل کے حل اور ملک کو درپیش چیلنجوں پر قابو پانے کیلئے جمہوری اداروں کی مضبوطی استحکام ضروری ہے،مقصد کیلئے سب سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا،قاسم خان سوری

بدھ 28 نومبر 2018 18:02

سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کی ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2018ء) ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کے حل اور ملک کو درپیش چیلنجوں پر قابو پانے کیلئے جمہوری اداروں کی مضبوطی استحکام ضروری ہے،مقصد کے حصول کیلئے سب سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے یہ بات بدھ کو سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونیوالی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

ملاقات میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی والدہ کے روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کے علاوہ باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دو نوں رہنماؤں نے موجودہ حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ملک کے قانون ساز اداروں کے مابین رابطوں کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل اور ملک کو درپیش چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے جمہوری اداروں کی مضبوطی استحکام ضروری ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس مقصد کے حصول کے لیے سب سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔انہوں نے چوہدری پرویز الٰہی کا بطور سپیکر پنجاب اسمبلی انتخاب کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی ایک منجھے ہوئے کہنہ مشق سیاسی رہنما ہیں ان کی قیادت میں پنجاب اسمبلی پہلے سے بہتر انداز میں اپنا آئینی کردار ادا کرے گی۔انہوں نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اور پارلیمانی انسٹیٹوٹ آف پارلیمنٹری سروسز کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے عملے کی استعداد کار میں اضافے کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

قبل ازیں سپیکر پنجاب اسمبلی نے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سے ان کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب اور درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی اور اللہ تعالی سے ڈپٹی سپیکر اور خاندان کے دیگر افراد کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطا فرمانے کی دعا کی۔