پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں چار نئے طیارے شامل کئے جائیں گے،

سی ای اوپی آئی اے مالی حالت بہتر ہوتے ہی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کر دیا جائے گا، ائیر مارشل ارشد ملک

بدھ 28 نومبر 2018 22:55

پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں چار نئے طیارے شامل کئے جائیں گے،
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2018ء) پی آئی اے اپنے فضائی بیڑے میں چار نئے طیارے شامل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ اس بات کا اعلان پی آئی اے کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر ائیر مارشل ارشد ملک نے ہیڈ کوارٹر میں پی آئی اے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ہم پہلے ہی فضائی بیڑے میں اضافے کا فیصلہ کر چکے ہیں اور انشاء اللہ پی آئی اے بہت جلد اپنے فضائی آپریشن کو وسیع کرے گی تا کہ اس کی رسائی دنیا بھر میں ہو۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے میں تعینات ہوتے ہی ان کا مشن قومی ائر لائن کو کارکنان کے ساتھ مل کر دنیا کی بہترین ائر لائنز میں شامل کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہا کہ ائر لائن میں بہتری کی بہت گنجائش ہے اور وہ مثبت نتائج کے لئے پُر امید ہیں ۔

(جاری ہے)

ائر مارشل ارشد ملک نے مزید کہا کہ نئے منافع بخش روٹس پر پروازیں شروع کی جائیں گی۔ ہم پہلے ہی سیالکوٹ سے شارجہ اور لاہور سے مسقط کی پروازیں شروع کر چکے ہیں جن کے مثبت نتائج ظاہر ہو رہے ہیں جبکہ بہت جلد ہم سیالکوٹ سے بارسلونا اور لاہور سے بنکاک کی پروازیں بھی شروع کرنے جا رہے ہیں۔

تمام کارکنان کو مل کر ایک ٹیم کی صورت میں کام کرنا ہوگا۔ائر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ ان کو کارکنان کی مشکلات کا اندازہ ہے خاص طور پر نچلے درجے کے ملازمین کی تنخواہیں بہت کم ہیں اور جیسے ہی ائر لائن مالی مشکلات سے نکل آئے گی تنخواہوں میں اضافہ کر دیا جائے گا۔انہوں نے کارکنان کو ائر لائن کی بہتری کے لئے کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سروس کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

ارشد ملک نے کہا کہ کارکنان سے رابطے اور ان کے مسائل جاننے کے لئے وہ ہرشعبے کا دورہ کریں گے ۔ میرٹ کو ائر لائن میں نافذ کر دیا گیا ہے اور اب تمام ترقیاں میرٹ کی بنیاد پر کی جائیں گی۔ انہوں نے ملازمین کی تما م ایسوسی ایشنز اور سی بی اے یونین کی جانب سے بھر پور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ ادارے کی بہتری کے لئے کام جاری رکھیں۔

متعلقہ عنوان :