Live Updates

حکومت پاکستان میں کھیلوں کا معیار بہتر بنانے کے لئے سنجیدہ منصوبے رکھتی ہے،

پاکستانی کھلاڑیوں کو ایک بار پھر عالمی سطح پر اعلیٰ مقام یقینی بنانے کے لئے انتہائی موثر پالیسی لائے گی،نئی سپورٹس پالیسی ہمارے کھلاڑیوں، کوچز اور آفیشلز کے محفوظ مستقبل کو یقینی بنائے گی وزیراعظم عمران خان کا رکن قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر سے ملاقات کے دوران اظہار خیال

بدھ 28 نومبر 2018 23:07

حکومت پاکستان میں کھیلوں کا معیار بہتر بنانے کے لئے سنجیدہ منصوبے رکھتی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 نومبر2018ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان میں کھیلوں کا معیار بہتر بنانے کے لئے سنجیدہ منصوبے رکھتی ہے، پاکستانی کھلاڑیوں کو ایک بار پھر عالمی سطح پر اعلیٰ مقام یقینی بنانے کے لئے انتہائی موثر پالیسی لائے گی۔ بدھ کو پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدارتی امیدوار، پنجاب فٹ بال کونسل کے رکن اور تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر نے وزیراعظم عمران خان سے یہاں ملاقات کی اور انہیں آگاہ کیا کہ وہ دسمبر میں ہونے والے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے انتخابات میں صدارت کے امیدوار ہیں۔

وزیراعظم نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ فٹ بال کا حقیقی جذبہ رکھنے والا اور موثر منتظم نے اس چیلنج کو اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ حکومت پاکستان میں کھیلوں کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے سنجیدہ منصوبے رکھتی ہے اور جلد پاکستانی کھلاڑیوں کو عالمی معیار پر دوبارہ لانے کے لئے موثر پالیسی یقینی بنائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ نئی سپورٹس پالیسی ہمارے کھلاڑیوں، کوچز اور آفیشلز کے محفوظ مستقبل کو یقینی بنائے گی۔ ملک عامر ڈوگر کی استدعا پر وزیراعظم نے فٹ بال کے کھلاڑیوں، کوچز، ریفری اور آفیشلز پر مشتمل وفد سے ملاقات پر رضامندی ظاہر کی تاکہ پاکستان میں فٹ بال کے فروغ کے لئے انہیں ابتدائی معلومات سے آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے عامر ڈوگر کو یقین دلایا کہ وہ سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کو یہ ذمہ داری تفویض کریں گے کہ وہ ملک کے بڑے شہروں میں عالمی معیار کے فٹ بال اسٹیڈیمز کی تعمیر کے لئے فوری منصوبہ سازی کریں۔

وزیراعظم نے پاکستان بھر میں فٹ بال اکیڈمیوں کے قیام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے نچلی سطح پر تربیتی پروگرام شروع کرنے کی ہدایت کی۔ ملک عامر ڈوگر نے وزیراعظم کو تجویز دی کہ پاکستان بھر سے نوجوانوں کی صلاحیت کو سامنے لانے کے لئے عالمی فٹ بال کوچز کی خدمات کی منظوری دی جائے جس پر وزیراعظم نے مثبت ردعمل دعا۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ پاکستان میں بہت جلد ہونہار، پیشہ ور لوگ تمام کھیلوں میں موجود ہوں گے اور کسی قسم کی ذاتی پسند و ناپسند اور اقرباء پروری نہیں ہوگی۔

ملک عامر ڈوگر نے وزیراعظم کی جانب سے کھیلوں کی بہتری کیلئے دلچسپی پر ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یقین دلایا کہ اگر وہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر منتخب ہو گئے تو وہ اس کھیل کے فروغ کے لئے حقیقی پیشہ ورانہ انداز میں کردار ادا کریں گے۔ ملک عامر ڈوگر کی استدعا پر وزیراعظم نے فیفا اور اے ایف سی کے صدور کو دورہ پاکستان کی دعوت دینے اور ان سے جلد ملاقات پر رضامندی ظاہر کی۔ وزیراعظم جو کہ خود بھی ایک عظیم کھلاڑی ہیں، وہ سنجیدگی سے یہ محسوس کرتے ہیں کہ اس سطح پر بات چیت سے فٹ بال کو فروغ ملے گا اور ورلڈ گورننگ باڈیز اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے درمیان موثر تعلقات تخلیق ہوں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات