Live Updates

تعلیم کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرنے والی قومیں ترقی کے میدان میں آگے بڑھ جاتی ہیں،

اقتصادی بحران سے جلد نکل آئیں گے اور تعلیم کے شعبہ پر سب سے زیادہ سرمایہ کاری کریں گے، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے، ملک کا اصل سرمایہ نوجوان اور بچے ہیں جن کیلئے خصوصی توجہ درکار ہے، سڑکوں کے فیتے کاٹنے کی بجائے یونیورسٹیوں کے فیتے کاٹنے کو ترجیح دوں گا وزیراعظم عمران خان کا گورنمنٹ کالج خواتین یونیورسٹی کے نئے کیمپس کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب

بدھ 28 نومبر 2018 23:15

تعلیم کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرنے والی قومیں ترقی کے میدان میں آگے ..
سیالکوٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 نومبر2018ء) وزیراعظم عمران خان نے تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیم کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرنے والی قومیں ترقی کے میدان میں آگے بڑھ جاتی ہیں، اقتصادی بحران سے جلد نکل آئیں گے اور تعلیم کے شعبہ پر سب سے زیادہ سرمایہ کاری کریں گے، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے، ملک کا اصل سرمایہ نوجوان اور بچے ہیں جن کیلئے خصوصی توجہ درکار ہے، سڑکوں کے فیتے کاٹنے کی بجائے یونیورسٹیوں کے فیتے کاٹنے کو ترجیح دوں گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاںگورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کے علامہ اقبال نالج پارک کیمپس لدھڑ کا سنگ بنیاد رکھنے کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد حسین چوہدری ، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی ، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد ، وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری ،وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق ، وفاقی وزیر شفقت محمود ، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ،سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان ، تحریک انصاف پنجاب کے صدر عمر ڈار ، صوبائی وزیر اسپیشل ایجوکیشن چودھری محمد اخلاق و دیگر موجود تھے ۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سکول سے شروع ہونے والا ادارہ آج یونیورسٹی بن گیا ہے، اس سلسلہ میں کردار ادا کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے جو ترقی کی ہے وہ اس کی یونیورسٹیوں کی مرہون منت ہے، جو قومیں اپنے لوگوں اور ان کی تعلیم پر توجہ دیتی ہیں وہ آگے نکل جاتی ہیں، ترقی یافتہ ملک علم پر مبنی معیشت کی بنیاد پر ہی آگے بڑھے ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم نے سنگاپور کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ 20 سے 30 لاکھ کی آبادی کے چھوٹے سے اس ملک کی برآمدات کا حجم 330 ارب ڈالر ہے جبکہ 21 کروڑ نفوس کی آبادی پر مشتمل ہمارے ملک پاکستان کی برآمدات محض 24 ارب ڈالر کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ترقی کی وجہ یہ ہے کہ سنگاپور کی ایک یونیورسٹی کا بجٹ پاکستان کی تمام یونیورسٹیوں کے بجٹ سے زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لوگوں اور ان کی تعلیم پر سرمایہ کاری پر توجہ نہیں دی گئی، اب ہمیں موقع ملا ہے تو اس شعبہ پر بھرپور توجہ دیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن بالخصوص انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں نئے نئے رجحانات سامنے آ رہے ہیں، مصنوعی ذہانت سے دنیا بدل رہی ہے، آئی ٹی کے شعبہ میں تیزی کے ساتھ ترقی کیلئے ہائر ایجوکیشن اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں پر توجہ دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وسائل کی کمی کے پیش نظر بڑھتی ہوئی آبادی ایک بڑا مسئلہ ہے تاہم اعلیٰ معیاری تعلیم اور ویلیو ایڈیشن کی صورت میں یہی آبادی ہماری طاقت بن جائے گی جو ملک کو آگے لے کر جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بڑی حیران کن بات ہے کہ سیالکوٹ جیسے شہر میں یہ پہلی یونیورسٹی ہے، برصغیر میں ہمارے پیچھے رہ جانے کی یہی وجہ ہے کہ ہمارے ملک میں تعلیم کے شعبہ اور نئی نسل پر سرمایہ کاری نہیں کی گئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ شروعات ہیں، ہم نے مشکل حالات میں حکومت سنبھالی ہے، اب زیادہ وقت نہیں لگے گا اور ہم اس صورتحال سے نکل آئیں گے، وسائل بڑھتے رہیں گے تو تعلیم کے شعبہ میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری کریں گے، ہم ملک کو آگے لے کر جائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اب ہم ملک کی سمت ٹھیک کریں گے، نوجوان اور بچے ہمارا اصل سرمایہ ہیں جنہیں خصوصی توجہ کی ضرورت ہے، اس حقیقت کو پیش نظر رکھتے ہوئے سڑکوں کے فیتے کاٹنے کی بجائے تعلیمی اداروں کے فیتے کاٹنے کو ترجیح دوں گا۔

اس موقع پر وائس چانسلر حافظ خلیل نے استقبالیہ پیش کیا ۔وزیر اعظم عمران خان نے یونیورسٹی کے سبزہ زار میں پودا بھی لگایا ۔ یاد رہے کہ دو سو ایکٹر رقبہ پر محیط نیو کیمپس کی عمارت پرایک ارب باسٹھ کروڑ ستائس لاکھ روپے لاگت آئے گی ۔ اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی ڈاکٹر حافظ خلیل ، سابق وائس چانسلر ڈاکٹر فرحت سلیمی ، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام عثمان ڈار نے بھی خطاب کیا ۔

قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان کرتار پور کوریڈور کا سنگ بنیاد رکھنے کے لیے بذریعہ طیارہ سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے تو صوبائی وزیر خصوصی تعلیم چودھری محمد اخلاق، صوبائی صدر پی ٹی آئی عمر ڈار، ڈائریکٹر زسیال، ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبدالغفار قیصرانی، چیئرمین سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ ندیم انور قریشی، صدر سیالکوٹ ایوان صنعت و تجارت مسعود اختر خواجہ، سابق چیئرمین سیال انجنیئرخاور انور خواجہ اور ا سسٹنٹ کمشنر عمران بشیر نے ان کا استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔

واضح رہے کہ سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ اپنی نوعیت کا دنیا بھر میںمنفرد منصوبہ ہے۔ سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی نے اپنی مدد آپ کے تحت تعمیر کیا ہے اور حکومت پاکستان کے تعاون سے انتہائی کامیابی سے چل رہا ہے۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ چیئرمین سیال ندیم انور قریشی کی قیادت میں وفد نے 19 اکتوبر اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان کوڈیم فنڈ میں اعلان کردہ دس کروڑ روپے کے عطیہ کی پہلی قسط کے طور پرڈھائی کروڑ روپے کا چیک پیش کیا تھا اور ملکی سطح پر شروع ہونے والے ایک بہت بڑے منصوبے کا حصہ بننے کی ابتداء کی تھی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات